سٹی کونسل اجلاس میں ہنگامہ ،ارکان گھتم گھتا،14قرار دادیں منظور

سٹی کونسل اجلاس میں ہنگامہ ،ارکان گھتم گھتا،14قرار دادیں منظور

جماعت اسلامی، پی ٹی آئی، پی پی پی، ن لیگ اور پی ٹی آئی ارکان میں لاتوں گھونسوں کا استعمال ، میئر کی اپیلیں بے اثرہنگامے میں قانون سازی،اہم شاہراہوں کے نام تبدیل کرنے کی منظوری،ایران پر حملوں اورسانحہ گل پلازہ کی مذمت

کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) سٹی کونسل کا اجلاس بدترین ہنگامہ آرائی کی نذر ہو گیا جہاں ارکان ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہو گئے اور پورے ہال میں لاتوں گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا اور ایک دوسرے پر بدزبانی کی۔میئر مرتضیٰ وہاب ہنگامہ آرائی روکنے کیلئے بار بار کہتے رہے کہ آپ لوگ بیٹھ جائیں مگر نہ اپوزیشن اور نہ ہی حکومتی ارکان ان کا حکم ماننے کو تیار تھے ۔جماعت اسلامی، پی ٹی آئی، پی پی پی،ن لیگ اور پی ٹی آئی کے   ارکان ایک دوسرے سے الجھتے رہے تاہم حکومتی ارکان نے فائدہ اٹھاتے ہوئے اس دوران مجموعی طور پر14 قراردادیں منظور کرا لیں، جن میں ایجنڈے میں شامل 9 قراردادوں کے علاوہ دیگر 5 قراردادیں شامل تھیں۔

قبل ازیں اجلاس کے آغاز پر اتفاق رائے سے ایوان نے ایران پر امریکی و اسرائیلی حملے اور اس کے نتیجے میں اعلیٰ ایرانی قیادت بشمول ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت اور ایران میں بمباری کے نتیجے میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے پر مذمت کی قرارداد منظور کی اور اسے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے عالمی قوتوں سے مطالبہ کیا کہ مشرق وسطی میں جاری اس جنگ کو رکوانے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں تاکہ خطے میں ہونے والی اس تباہی کو روکا جاسکے ۔دوسری قرارداد کے ذریعے گل پلازہ میں آگ لگنے سے 80 سے زائد افراد کی شہادت اور 1200 دکانوں کے جل کر خاکستر ہونے کے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہید ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔قراردادوں کے حوالے سے پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ، پارلیمانی لیڈر پی ٹی آئی اور ایوان کے رکن محمد نعمان، ذیشان سواتی اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔اجلاس میں ایران پر حالیہ حملوں میں شہید ہونے والوںکیلئے بھی  دعائے مغفرت  کی گئی، اس دوران دیگر قراردادوں کی بھی منظوری دی گئی، شہید نجیب احمد کی جمہوری جدوجہد کے اعتراف میں فائیو اسٹار چورنگی فلائی اوور کا نام شہید نجیب احمد کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری دی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں