اسرائیل، امریکہ اسلامو فوبک دہشت گردی کے سرخیل، تنظیم اسلامی

اسرائیل، امریکہ اسلامو فوبک دہشت گردی کے سرخیل، تنظیم اسلامی

گریٹر اسرائیل منصوبے ، ایران پرحملے نے صہیونی اسلام دشمنی مزید عیاں کردی،شجاع الدین

حیدر آباد(بیورو رپورٹ)سرائیل اور امریکہ اسلاموفوبک دہشت گردی کے سرخیل ہیں۔ گریٹراسرائیل کے قیام کے اعلانات اور ایران پر حملے نے صیہونیوں کی اسلام دشمنی کو مزید کھول کر رکھ دیا ہے ۔ تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے بیان میں کہا کہ چار برس قبل اقوامِ متحدہ کا 15 مارچ کو اسلامو فوبیا کے تدارک کا عالمی دن قرار دینا مسلم دنیا کے لیے ایک اہم پیش رفت تھی اور اُس قرار داد کو منظور کروانے میں اُس وقت کی حکومت اور وزیراعظم پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا۔ اُس کے باوجود گزشتہ چار برس کے دوران مغرب میں توہینِ قرآن کے پے در پے واقعات دیکھنے میں آئے ۔ حجاب سمیت دیگر شعائر اسلام کو امریکہ ، بھارت اور دیگر کئی مغربی ممالک میں نشانہ بنایا گیا۔

کئی مغربی ممالک اسلام اور مسلمانوں کے خلاف منظم نفرت انگیزی اور تفریق کی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ 7 اکتوبر 2023ء کے بعد ناجائز صیہونی ریاست اسرائیل کی غزہ پر بہیمانہ بمباری بھی مسلمانوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کا حصّہ تھی اور نام نہاد امن معاہدوں کے بعد بھی اس درندگی میں کمی نہیں آئی۔ مسلم دشمنی اور اخلاقی گراوٹ کا یہ عالم ہے کہ رمضان المبارک میں مسجدِ اقصیٰ کو فلسطینی مسلمانوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے اور اسرائیل اب خطے کے دیگر مسلم ممالک کو بھی نشانہ بنا رہا ہے ۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور امریکہ کے اعلیٰ عہدیداران انتہائی بے شرمی کے ساتھ گریٹر اسرائیل کے قیام کو اپنا مذہبی مشن قرار دے رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں