مظلوم انسانیت کی بقاء کیلئے امت کو متحد ہونا ہوگا،شاداب رضا

مظلوم انسانیت کی بقاء کیلئے امت کو متحد ہونا ہوگا،شاداب رضا

اسرائیل دہشتگرد ملک ، طاقت کے استعمال سے فلسطینیوں کی آواز نہیں دبائی جا سکتیاقوامِ متحدہ تعصب کا چشمہ اتار کر فلسطین میں جاری اسرائیلی نسل کشی رکوائے ،بیان

کراچی (این این آئی)سربراہ پاکستان سنی تحریک شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ مظلوم انسانیت کی بقاء اور تحفظ کیلئے اُمت مسلمہ کو متحد ہونا ہوگا ،پاکستان کے عوام مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں، اسرائیل ناجائز ریاست ہے اس کا خاتمہ قریب ہے ،فلسطین میں ہونیوالے مظالم پر کسی طور بھی خاموش نہیں رہ سکتے ، اسرائیل کو دہشتگرد ملک قرار دیا جائے ،فلسطین کے عوام کئی دہائیوں سے اسرائیلی ظلم وجبر کا سامنا کررہے ہیں مگر ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے ۔گزشتہ روز ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور اس کے اتحادی جان لیں طاقت کے استعمال سے فلسطینیوں کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا ،بیت المقدس کی آزادی اور اسرائیلی غاصبانہ قبضے کے خلاف فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل جنگی جرائم کا خطرناک مجرم ہے جس کے منہ کو انسانی خون لگ چکا ہے ،انصاف کی تلوار سے انجام تک پہنچانا ہوگا۔

اسرائیل نے فلسطین میں 30ہزار سے زائد بچے اور20ہزار خواتین سمیت 70ہزار افراد کو شہید کیا ہے ،اسرائیلی مظالم وجبراور طاقت کے استعمال سے نہتے مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی کی گئی ،اقوامِ متحدہ تعصب کا چشمہ اتار کر فلسطین میں جاری اسرائیلی نسل کشی رکوائے ،عالمی ادارہ عالمی قوانین کی پاسداری نہیں کراسکے تو ایسا ادارہ مشکوک اور اپنی حیثیت کو کمزور کرتا ہے ۔شاداب رضا نقشبندی نے مزید کہا کہ قبلہ اول کی حرمت اور آزادی کیلئے پوری اُمت مسلمہ کو متحد ہونا ہوگا ۔ بیت المقدس مسلمانوں کے عقیدے اور ایمان کا حصہ ہے مظلوم فلسطینی عوام سے بھرپور یکجہتی کرتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ فلسطین کی آزادی اور مسجد اقصیٰ کا تحفظ صرف فلسطینیوں کا نہیں بلکہ پوری اُمت مسلمہ کا مشترکہ مسئلہ ہے ،عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ فلسطین میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور مظلوم عوام کو انصاف فراہم کرے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں