اہلِ غزہ پوری امتِ مسلمہ کی جنگ لڑ رہے ہیں،منعم ظفر
امریکہ اور اسرائیل کسی مسلم ملک کے دوست نہیں، دوٹوک موقف اپنانا ہوگااقوام متحدہ ،برطانیہ اوریورپ کے چہرے پر لگا جمہوریت کا نقاب اُتر گیا ،خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ فلسطین انبیاء ؑ کی سرزمین اور بیت المقدس قبلہ اوّل سے پوری امت کا ایمان اور عقیدے کا تعلق ہے ، اہل غزہ و فلسطین، اسرائیل کے غاصبانہ قبضے سے فلسطین کی آزادی اوربیت المقدس قبلہ اوّل کے تحفظ کی جدو جہد کر کے پوری امت کی جنگ لڑ رہے ہیں، اسرائیل اپنی تمام تر فوجی طاقت اور ٹیکنالوجی کے باوجود اہل غزہ کے مضبوط ایمان، جذبہ شوقِ شہادت کو شکست نہیں دے سکا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کوعلاقہ اخوان نیو کراچی سیکٹر ایف 11 میں عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، دعو ت افطار سے سکریٹری ضلع شمالی شکیل احمد نے بھی خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ حماس کے مجاہدین اور اہل غزہ صبر و استقامت کے ساتھ اسرائیل کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں، ہم ایران کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو امریکہ و اسرائیل کا جرات مندی سے مقابلہ کر رہا ہے ،امریکہ و اسرائیل اگر ایران میں کامیاب ہوتے ہیں تو خطرات ہماری سرحد تک پہنچ جائیں گے ۔ امریکہ، اسرائیل کسی مسلم ملک کے دوست نہیں ہو سکتے ،موجودہ حالات میں عالم اسلام کو امریکہ و اسرائیل کے خلاف ایک مشترکہ، دوٹوک اور جرأت مندانہ موقف اختیار کرنا چاہیے ۔منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ، امریکہ، برطانیہ و دیگر یورپی ممالک کا دوہرہ معیار کھل کر سامنے آگیا ہے اور ان کے چہروں پر لگا جمہوریت و انسانی حقوق کا نقاب اُتر گیا ہے ۔