مزید ڈبل ڈیکز بسیں لانے کا فیصلہ
ٹرانسپورٹ نظام میں مزید ای وی بسیں شامل کی جائیں گی، اگلے ہفتے گلشن معمار سے ٹاور تک ای وی بس کا نیا روٹ بھی شروع کیا جا رہا ہے ،شرجیل میمنعید کے بعد سندھ بینک، ایس ای ڈی ایف اور ایس ایم ٹی ای کے درمیان ای وی ٹیکسی منصوبے کے حوالے سے معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے ،سینئر وزیر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیرشرجیل انعام میمن نے عوام کے لیے خوشخبری دی ہے ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ حکومت سندھ کی جانب کراچی کے ٹرانسپورٹ نظام میں مزید ای وی بسیں شامل کرنے جبکہ کراچی شہر میں مزید ڈبل ڈیکر بسیں لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ سندھ حکومت نے کراچی میں ای وی بسوں کے نئے روٹس عید سے قبل شروع کرنے اور دیگر اضلاع میں یہ سروس عید کے بعد مرحلہ وار متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے ، جبکہ ای وی ٹیکسی سروس کے آغاز سے متعلق بھی اہم پیش رفت بھی ہوئی ہے ۔ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی ایم ڈی کنول نظام بھٹو اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید بہتر بنانے ، نئے روٹس کے اجرا، ڈبل ڈیکر بسوں کے اضافے اور دیگر اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا، جبکہ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے روڈ انفرااسٹرکچر سے متعلق درپیش مسائل سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئروزیرنے کہا کہ حکومت سندھ کراچی کی تمام سڑکوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے اور پیپلز بس سروس کے روٹس پر درپیش مسائل کے حل کے لیے متعلقہ وزارت سے بھی بات کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ای وی بس سروس کے نئے روٹس عید سے قبل شروع کیے جا رہے ہیں اور اگلے ہفتے گلشن معمار سے ٹاور تک ای وی بس کا نیا روٹ بھی شروع کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ کے دیگر اضلاع میں یہ سروس عید کے بعد مرحلہ وار متعارف کرائی جائے گی اور حیدرآباد، ٹنڈو الہیار، سکھر، شکارپور اور خیرپور میں بھی بعد از عید پیپلز بس سروس شروع کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز بس سروس کو دیگر شہروں تک توسیع دینے کا مقصد زیادہ سے زیادہ شہریوں کو جدید اور بااعتماد سفری سہولیات فراہم کرنا ہے ۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عیدالفطر کے بعد سندھ بینک، ایس ای ڈی ایف اور ایس ایم ٹی ای کے درمیان ای وی ٹیکسی منصوبے کے حوالے سے یادداشت ناموں پر دستخط بھی کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کو معیاری، سستی اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے اور عوامی سہولت کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔