بین الصوبائی اسمگلنگ میں ملوث 2ملزمان گرفتار

بین الصوبائی اسمگلنگ میں ملوث 2ملزمان گرفتار

سندھ رینجرز اور اے این ایف کی گلستان جوہر میں مشترکہ کارروائی گروہ کا سر غنہ پشاور سے منشیات سکھر منتقل کر تا اورپھر کراچی آتی ہے

کراچی (این این آئی)پاکستان رینجرز (سندھ)اور اینٹی ناروکوٹکس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے گلستان جوہرسے منشیات کی بین الصوبائی اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے 2 ملزما ن کو گرفتارکر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 83 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمدکرلی گئی۔ برآمد شدہ چرس کی مالیت کروڑوں روپے ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق منشیات کے بین الصوبائی اسمگلنگ میں ملوث ایک منظم گروہ سے ہے ۔ مذکورہ گروہ کا سر غنہ پشاور سے منشیات غیر قانونی طریقے سے سکھر منتقل کر تا ہے جب کہ سکھر کے بعد منشیات انتہائی منظم طریقے سے کراچی منتقل ہونے کے بعد مختلف منشیات فروشوں کو فروخت کی جاتی ہے۔

گرفتار ملزمان کراچی میں موجود اپنے ہینڈلر کے احکامات پر دیگر ساتھیوں کے ہمراہ منشیات ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے میں ملوث ہیں۔ گرفتار ملزمان کا ایک ساتھی پہلے بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے ۔ جبکہ ملزمان کو ہائی روف میں منشیات اپنے خفیہ ٹھکانے پر منتقل کرتے ہوئے گرفتار کیا۔ ملزم کا گروہ اس سے قبل بھی تواتر سے بھاری مقدار میں منشیات کی کراچی شہر میں منتقلی اور فروخت میں ملوث ہے -گرفتار ملزمان نے اپنے نیٹ ورک کے بارے میں انتہائی سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔ابتدائی معلومات کے مطابق سندھ کے کچھ سرکاری اعلی عہدے دار بھی مذکورہ گھناونے دھندے میں ملوث ہیں۔عوام  ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ،ہیلپ لائن 1101 پردیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں