شاداب فٹبال گراؤنڈ کا ازسرِنو تعمیر کے بعد افتتاح
منصوبے کی لاگت 224 ملین روپے ، کل رقبہ 16 ہزار 510 مربع میٹر6ہزار 100 مربع میٹر رقبے پر باغ اور عیدگاہ کے لیے جگہ مختص کی گئی
کراچی(این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے گلبرگ ٹاؤن کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں کھیلوں کے فروغ کے لیے شاداب فٹبال گراؤنڈ کی ازسرِنو تعمیر کے بعد اس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ میئر کراچی نے کہا کہ شاداب فٹبال گراؤنڈ کی بحالی شہر کے نوجوانوں کو کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کی ایک سنجیدہ اور دیرپا کوشش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ترجیح ہے کہ شہر کے تمام اضلاع میں کھیلوں کے میدانوں کو بحال کیا جائے تاکہ نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کی مجموعی لاگت 224 ملین روپے ہے جبکہ اس کا کل رقبہ 16 ہزار 510 مربع میٹر پر مشتمل ہے ، جس میں سے 10 ہزار 400 مربع میٹر فٹبال گراؤنڈ کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 6 ہزار 100 مربع میٹر رقبے پر باغ اور عیدگاہ کے لیے جگہ مختص کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو تفریحی سہولیات بھی میسر آسکیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ اس فٹبال گراؤنڈ کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے جس میں پویلین، اسٹورز، سیوریج سسٹم، بیت الخلا، بچوں کے جھولے ، گرین بیلٹس اور خواتین و بزرگ شہریوں کے لیے واکنگ ٹریک شامل ہیں۔ منصوبے کے تحت 10 ہزار 320 مربع میٹر رقبے پر گھاس لگائی جا چکی ہے جبکہ 134 درخت، 183 جڑی بوٹیاں و پودے اور 70 گراؤنڈ کور پودے بھی لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی گراؤنڈ ماضی میں فٹبال میچز کے لیے استعمال ہوتا رہا مگر یہاں باقاعدہ نظام موجود نہیں تھا۔ اس جگہ کو قبضوں سے محفوظ رکھنے اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اس منصوبے کو عملی جامہ پہنایا گیا۔