نیا قبرستان بنانے کا اعلان : شہریوں کو آسانی ہو گی، مرتضیٰ وہاب
اس سال 68 ارب روپے کراچی شہر پر خرچ کرنے جا رہے ہیں، 1058 اسکیمیں ہیں جن میں سڑک اور پرانی عمارتیں شامل ہیں، میئر کراچی ساتوں اضلاع میں یکساں ترقیاتی کام کیے جائیں،کڈنی ہل پر20کروڑ روپے کی لاگت سے برڈ آوری کے منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ،پریس کانفرنس
کراچی (نیوز ایجنسیاں)میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں ایک نیا قبرستان بنانے جار ہے ہیں جس سے شہریوں کو آسانی ہوگی۔ کے ایم سی آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضی وہاب نے کہا کہ شہر میں کئی دہائیوں سے نئے قبرستان قائم نہیں کیے گئے تھے اس لیے 43 کروڑ روپے کی لاگت سے نئے قبرستان تعمیر کیے جائیں گے کیونکہ طارق روڈ، عیسیٰ نگری اور دیگر قبرستان مکمل بھر چکے ہیں،شہر کے کمرشل ایریاز کا بہت برا حال تھا، کراچی کے مختلف علاقوں میں بلدیہ عظمیٰ کراچی ترقیاتی کام کر رہی ہے ، اولڈ سٹی ایریا میں 75 کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لی مارکیٹ، کھجورمارکیٹ، میٹھادر اور کھارادر کے علاقوں میں ترقیاتی کام ہونگے ، ایک ارب روپے شہر کی مختلف مارکیٹوں پر خرچ کر رہے ہیں۔مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ اس سال 68 ارب روپے کراچی شہر پر خرچ کرنے جا رہے ہیں، شہر کے لیے 1058 اسکیمیں ہیں جن میں سڑک اور پرانی عمارتیں شامل ہیں، ٹاؤنزکی اندرونی گلیوں میں بھی ترقیاتی کام کرینگے تاکہ شہریوں کی مشکلات کم ہوں۔ میئرکراچی نے مزید کہا کہ گل پلازہ کے اطراف کے علاقوں میں بھی ترقیاتی کام شروع ہونا تھا، بدقسمتی سے گل پلازہ کا واقعہ ہوا ورنہ وہاں کام شروع ہوجاتا، کڈنی ہل پارک پر پرندوں کی ایوری پرکام شروع کردیا ہے جو سب سے بڑی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ شہر میں ایک نیا قبرستان بنانے جار ہے ہیں جس سے شہریوں کو آسانی ہوگی، نیا قبرستان میمن گوٹھ روڈ 2 ماہ میں بنائیں گے ، 43 کروڑ روپے نئے قبرستانوں پر خرچ کرنے جارہے ہیں جب کہ عظیم پورہ انٹر سیکشن پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے ، عظیم پورہ کے سگنل کو ختم کرنے کے لیے وہاں فلائی اوور بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کا وژن ہے کہ کراچی کے ساتوں اضلاع میں یکساں ترقیاتی کام کیے جائیں،کڈنی ہل پر برڈ آوری کے منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
جس پر 20 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے جبکہ وہاں پانچ لاکھ درخت لگانے میں فاریسٹ ڈپارٹمنٹ اور سول سوسائٹی نے تعاون کیا ہے ، اسی طرح گٹر باغیچہ میں عوام کے لیے پارک تعمیر کیا جارہا ہے جبکہ گلشن حدید اسٹیل ٹاؤن کی مرکزی سڑک کی تعمیر پر 50 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا پیسہ امانت ہے اور اسے شہر کی بہتری پر خرچ کیا جائے گا، شہر میں تجاوزات ایک بڑا مسئلہ ہے اور بلدیہ عظمیٰ کراچی اس کے خاتمے کے لیے اقدامات کر رہی ہے ۔