اسلاموفوبیا عالمی امن کے لیے خطرہ ،سنی تحریک
مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تعصب انسانیت کے بنیادی اصولوں کے منافی تعصب کے خلاف ٹھوس اقدامات کیے جائیں ،ثروت اعجاز،بلال سلیم قادری
کراچی(این این آئی)اسلاموفوبیا کے عالمی دن کے موقع پر چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری، مرکزی صدر بلال عباس قادری اورمرکزی سیکرٹری جنرل بلال سلیم قادری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نفرت انگیزی اور تعصب کے خلاف ٹھوس اقدامات کیے جائیں تاکہ ایک پرامن اور منصفانہ عالمی سماج تشکیل دیا جا سکے ۔پاکستان میں رہنے والے تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو برابری کے حقوق حاصل ہیں۔ثروت اعجاز قادری نے کہاہے کہ اسلاموفوبیا آج کے دور میں عالمی امن،انسانی حقوق اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے ایک سنگین خطرہ بنتا جا رہا ہے ۔دنیا کے مختلف خطوں میں مسلمانوں کو امتیازی سلوک،نفرت انگیزی اور تعصب کا سامنا ہے جو انسانی مساوات اور انصاف کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام ایک ایسا مذہب ہے جو امن،محبت، برداشت اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے ،مگر بدقسمتی سے بعض حلقے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف منفی پروپیگنڈا کر کے نفرت کو ہوا دے رہے ہیں۔بلال عباس قادری نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تعصب انسانیت کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے ۔اسلاموفوبیا کو فروغ دینا دراصل دنیا میں عدم برداشت اور تصادم کو بڑھانے کے مترادف ہے ۔ عالمی برادری اسلام اور مسلمانوں کے خلاف پھیلائی جانے والی غلط فہمیوںکا سدباب کرے۔