صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ کے بورڈ کا اجلاس ،انتظامی تیاریوں پر غور
کراچی (اسٹاف رپورٹر)مشیر وزیراعلیٰ سندھ برائے محکمہ بحالی گیانچند ایسرانی کی زیر صدارت صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ کے بورڈ کا 23واں اجلاس پی ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا ۔
اجلاس میں 22ویں بورڈ میٹنگ کے فیصلوں کی توثیق اور پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ مختلف انتظامی، مالیاتی اور ہنگامی تیاریوں سے متعلق اہم امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں پی ڈی ایم اے کے کنٹریکٹ ملازمین کے معاہدوں میں توسیع دینے کی تجویز پیش کی گئی جبکہ حکومت کی پالیسی کے مطابق تنخواہوں میں بھی اضافے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔ اجلاس میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ فنڈ میں موجود رقم کی سرمایہ کاری پر بھی غور کیا گیا اور محکمہ خزانہ کی سفارش کے مطابق اس رقم کو مارکیٹ ٹریژری بلز یا ٹرم ڈپازٹ کے ذریعے سرمایہ کاری کرنے کی تجویز زیر بحث آئی۔ اجلاس میں مون سون سیزن سے قبل ہنگامی تیاریوں کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔