اولڈسٹی ایریا مسائل کا گڑھ:سیوریج نظام ناکارہ، گندگی کے ڈھیر

اولڈسٹی  ایریا  مسائل  کا گڑھ:سیوریج  نظام  ناکارہ، گندگی  کے  ڈھیر

گلیوں ، سڑکوں اور محلوں میں گندگی و غلاظت کے ڈھیر کے سبب لاکھوں مکینوں کی زندگی اجیرن، مچھروں کی یلغار،جراثیم کش اسپرے نہ ہونے سے امراض پھیلنے کاخدشہ بلدیاتی نمائندوں اور ارکان اسمبلی نے مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی ہے ،واٹراینڈ سیوریج کارپوریشن نے علاقوں کو لاوارث چھوڑ رکھا،شہری،وزیراعلیٰ سے نوٹس لینے کامطالبہ

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)انتظامیہ اور حکومت کے تمام تر دعوؤں کے باوجود اولڈ سٹی ایریا مسائل کا گڑھ بن گیا،انتظامیہ مسائل کے سیوریج سمیت دیگر مسائل کے حل میں ناکام ہوگئی،ضلع جنوبی کے بیشتر علاقے ، سڑکیں اور گلیاں گٹر کے پانی سے بھری ہوئی ہیں ،لاکھوں مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ،مکین کہتے ہیں کہ ارکان اسمبلی اور بلدیاتی قیادت بھی سیوریج کے مسائل کو حل کروانے کیلئے سنجیدہ نہیں ہے ،عالمی بینک سے بڑے پیمانے پر سودی قرضے حاصل کرنے والی کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن شہر قائد کے سیوریج نظام میں تاحال کوئی بہتری نہ لاسکی، اس وقت صورتحال یہ ہے کہ کراچی کا ضلع جنوبی سیوریج کے مسائل کا گڑھ بن گیا ہے ،گلیوں ، سڑکوں اور محلوں میں گندگی اور غلاظت کے ڈھیر لگنے کے سبب لاکھوں مکینوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے ، تمام علاقوں میں مچھروں کی یلغار ہے ،گھروں سے باہر نکالنا محال ہوگیاجبکہ جراثیم کش اپسرے نہ ہونے سے امراض پھیلنے کا خدشہ ہے ۔مکین کہتے ہیں کہ بلدیاتی سیٹ اپ اور ارکان اسمبلی نے سیوریج کے مسائل پر مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی ہے جبکہ واٹر کارپوریشن نے اولڈ سٹی ایریا کو لاوارث چھوڑ رکھا ہے ۔

مکینوں کا کہنا ہے کہ المیہ یہ ہے کہ میئر کراچی و چیئرمین واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن مرتضیٰ وہاب صدیقی اور سیوریج سیکشن کے اہم افسران رنچھوڑ لائن اور اردو بازار کی صورتحال پر توجہ دینے کو تیار نہیں ہیں۔ سیوریج کے مسائل سے پریشان مکینوں نے سوال اٹھایا کہ کیا وہ حکومت کو ٹیکس نہیں دیتے ؟ تو پھر ان علاقوں اور یہاں کے لاکھوں مکینوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیوں کیا جارہا ہے ؟ سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے نام پر بھاری بھرکم بل بنائے جاتے ہیں سارا پیسا کرپشن کی نذر ہورہا ہے ، اس کے بدلے کراچی اولڈ سٹی ایریا کے رہائشی گٹر کے پانی کے درمیان گندگی اور غلاظت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ مکینوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ اولڈ سٹی ایریا کے سیوریج مسائل کا نوٹس لیں اور متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کریں کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر سیوریج نظام کی درستگی کیلئے اقدامات کریں ۔دوسری طرف واٹر سیوریج کارپوریشن حکام کا دعوی ٰہے کہ اولڈ سٹی ایریا کے سیوریج مسائل کو جلد حل کرلیا جائے گا ،اس حوالے سے سیوریج بورڈ کی ٹیمیں بھاری مشینری کے ساتھ کام کررہی ہیں، مکینوں کی پریشانی کا سیوریج کارپوریشن حکام کو مکمل ادارک ہے ،کچھ لائنوں میں خرابی ہے جس کو دور کیا جارہا ہے جبکہ سیوریج کے مسائل سے مستقل چھٹکارے کیلئے اولڈ سٹی ایریا میں آنے والے دنوں میں تمام سیوریج لائنیں اور نظام تبدیل کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں