نارتھ کراچی میرج ہال میں سیوریج لائن دھماکہ، 4 زخمی

نارتھ کراچی میرج ہال میں سیوریج لائن دھماکہ، 4 زخمی

دھماکے سے فانوس ٹوٹ گئے ،صوفوں میں آگ بھڑک اٹھی، زخمی اسپتال منتقل شواہد اکٹھے کرلیے گئے ،فیڈرل بی ایریا کے قریب کنٹینر میں لگی آگ پر قابوپالیاگیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی میرج ہال میں سیوریج لائن میں گیس بھرجانے کے باعث زور داردھماکہ ہوا، دھماکے کے نتیجے میں میرج ہال میں موجود 4 افراد زخمی ہوگئے ۔ رپورٹ کے مطابق نارتھ کراچی سیکٹر الیون اے پاورہاوس چورنگی عائشہ میرج ہال میں سیوریج لائن میں گیس بھرجانے کے باعث زور دار دھماکہ ہوا جس کی آوز دور دورتک سنی گئی۔دھماکے کے باعث ہال میں رکھے صوفوں میں آگ بھڑک اٹھی ،دھماکا اتنا زوردار تھاکہ میرج ہال کی چھت پر لگے فانوس اورلائٹیں بھی ٹوٹ گئیں۔ دھماکے کے نتیجے میں میرج ہال میں موجود 4 افراد زخمی ہو گئے جنہیں چھیپا ایمبولیس عباسی شہید اور سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔میرج ہال میں دھماکے کی اطلاع ملنے پولیس اور رینجرز افسران واہلکار بھی موقع پرپہنچ گئے اورفوری طورپرجائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کیلئے کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا گیا۔ایس ایچ او سرسید فرخ ہاشمی کے مطابق دھماکہ میرج ہال میں موجود واش بیسن کے قریب ہوا تھا جس سے دو واش بیسن اور ان کے شیشے ٹوٹ گئے جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوئے جبکہ ایک شخص دھماکے کے بعد صوفوں اور پردوں میں لگی آگ بجھانے کے دوران جھلس کر زخمی ہوا۔ایس ایچ او نے بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں صدام ، نایاب اور مرتضٰی شامل ہیں۔ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں