پاکستان کے ذریعے مذاکرات میں پیشرفت، ایرانی تیل پر قبضہ کرنا چاہتا ہوں: امریکی صدر

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے ذریعے ایران امریکا مذاکرات میں پیشرفت ہورہی ہے، خارگ پر قبضہ کرکے ایرانی تیل حاصل کر سکتے ہیں۔

امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ ڈیل جلد ہو سکتی ہے، لگتا ہے کہ ہم ایران کے ساتھ بہت جلد ایک معاہدہ کرلیں گے، ایران کے ساتھ براہ راست اور بالواسطہ بات چیت کر رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے کئی پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی، آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔

فنانشنل ٹائمز سے گفتگو میں بولے امریکا نے ایران میں 13 ہزار اہداف پر بمباری کی ہے، تقریباً 3 ہزار باقی ہیں، میرا پسندیدہ آپشن ایرانی تیل پر قبضہ کرنا ہے، ایرانی برآمدی مرکز خارگ پر قبضہ کر سکتے ہیں، مجھے یقین نہیں ہے کہ ایرانیوں کے پاس کوئی دفاع ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ اگر آپ دیکھیں تو رجیم چینج پہلے ہی ہو چکی ہے کیونکہ پہلی حکومت مکمل طور پر ختم کر دی گئی، تباہ کر دی گئی، وہ سب مر چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوسری حکومت زیادہ تر ختم ہو چکی ہے اور تیسری حکومت میں ہم جن لوگوں سے نمٹ رہے ہیں وہ پہلے سے بالکل مختلف ہیں، ایک بالکل نیا گروہ ہے اس لیے میں اسے رجیم چینج سمجھوں گا، اور صاف بات یہ ہے کہ وہ کافی معقول رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرے خیال میں ہمارے پاس رجیم چینج ہے، اس سے بہتر آپ اور کیا کر سکتے ہیں؟

امریکی صدر نے کہا کہ وہ ایران کا تیل لے سکتے ہیں اور ملک میں تیل کے بڑے مرکز خارگ جزیرے پر قبضہ بھی کر سکتے ہیں، سچ یہ ہے کہ میرا پسندیدہ آپشن یہ ہے کہ ایران کا تیل لے لیا جائے لیکن امریکا میں کچھ بیوقوف لوگ کہتے ہیں کہ آپ ایسا کیوں کریں گے؟ وہ بیوقوف لوگ ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں