تہران میں بجلی کی تنصیبات پر حملہ، کئی حصوں کو بجلی کی فراہمی منقطع

تہران: (دنیا نیوز) تہران میں بجلی کی تنصیبات پر حملے میں تہران اور البرز کے کچھ حصوں کو بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی۔

ایرانی ذرائع ابلاغ نے ملک کی وزارت توانائی کے حوالے سے خبر دی ہے دارالحکومت تہران میں بجلی کی تنصیبات پر حملے کے نتیجے میں ملک کے دو صوبوں تہران اور البرز کے کچھ حصوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی ہے۔

نائب وزیرِ توانائی مصطفیٰ رجبی مشہدی نے سرکاری ٹی وی پر کہا ہے کہ کرج شہر کے باہر ایک شارپنل بجلی کے ایک بڑے کھمبے سے ٹکرایا، کرج تہران کے شمال مغرب میں صوبہ البرز میں واقع ہے، اس سے قبل ایک ذریعہ نے شہر میں بجلی کی فراہمی میں تعطل کی اطلاع دی تھی۔

مشہدی کا مزید کہنا تھا کہ رات ہونے والے حملوں کی وجہ سے مشرقی تہران میں ایک پاور ٹرانسمیشن کا سب سٹیشن تباہ ہو گیا ہے تاہم انہوں نے لوگوں کو تسلی دی کہ انہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

فارس نیوز ایجنسی کے مطابق تہران اور کرج کے بیشتر علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی ہے، توانائی کی وزارت کے مطابق البورز صوبے میں بجلی کے جال کے ایک حصے پر شیل کا اثر پڑنے کے باعث ملک کے بعض حصوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی تھی۔

وزارت نے بتایا کہ بجلی کے شعبے کی ٹیمیں باقی ماندہ علاقوں میں بجلی جلد از جلد بحال کرنے کے لئے کام کر رہی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں