’پورا مہینہ مفت بریانی کھائیں‘: ریسٹورنٹ کی انوکھی آفر وائرل

تامل ناڈو: (ویب ڈیسک) مشرق وسطیٰ میں جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش کے سبب تیل اور گیس کی قلت نے ریسٹورنٹ کو انوکھی آفر لانے پر مجبور کر دیا۔

بھارتی ریاست تامل ناڈو کے ایک ریسٹورنٹ نے انوکھی آفر سے شہریوں کی توجہ حاصل کر لی جو ایل پی جی سلنڈر کے بدلے مفت بریانی پیش کر رہا ہے۔

ریسٹورنٹ پر آویزاں ایک پوسٹر پر درج ہے کہ ’کھانا پکانے میں ہماری مدد کریں، ہم آپ کو کھانا کھلائیں گے‘۔

آفر کے مطابق ایک کمرشل گیس سلنڈر دینے والے شہری کو پورا مہینہ مفت بریانی ملے گی اور جو دو سلنڈر دے گا وہ روزانہ 2 بریانی کی پلیٹ حاصل کر سکتا ہے۔

ریسٹورنٹ کے مالک نے اس بارے میں کہا کہ گیس سلنڈر کی قلت نے ان کے کاروبار کو بری طرح متاثر کیا ہے اور وہ اپنا کام بند کرنے کے متحمل بھی نہیں ہو سکتے۔

واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش کے سبب بھارت کو ایل پی جی کی سپلائی متاثر ہے جس سے شہریوں کی مشکلات بڑھ رہی ہیں۔

اس سے قبل ریاست اتر پردیش کے شہر میرٹھ کے ایک سرکاری ہسپتال کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جہاں ایل پی جی سلنڈر نہ ہونے کی وجہ سے عارضی چولہوں پر کھانا تیار کیا جا رہا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں