دنیا کا سب سے تنگ گھر، چوڑائی جان کر آپ حیران رہ جائیں گے
لِما: (ویب ڈیسک) دنیا کا سب سے تنگ گھر براعظم جنوبی امریکا کے ملک پیرو میں واقع ہے جس کی چوڑائی صرف 63 سینٹی میٹر بتائی گئی ہے۔
پیرو میں واقع اپنی نوعیت کا یہ عجیب و غریب گھر اتنی کم چوڑائی کے باوجود مکمل طور پر فعال ہے، یہ گھر اس طرح سے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اس میں جدید گھر کی تمام سہولیات موجود ہیں، مگر ایسی جگہ میں جو صرف 63 سینٹی میٹر چوڑی ہے۔
مقامی شہری فابیو مورینو کا ڈیزائن کردہ اور اس کی ملکیت اوکالاما کا یہ پتلا گھر اس خیال کو ظاہر کرتا ہے کہ خوشی کا انحصار گھر کے سائز پر نہیں بلکہ دستیاب جگہ کے بہترین استعمال پر ہوتا ہے، اس کی تنگ ساخت اور شوخ رنگوں نے پہلے ہی ہزاروں سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر لیا ہے، اور امکان ہے کہ یہ جلد ہی ایک مقبول سیاحتی مقام بن جائے گا۔
اگرچہ یہ بظاہر ایک آؤٹ ڈور آرٹ کی تنصیب معلوم ہوتی ہے، مگر دنیا کا یہ سب سے تنگ گھر جدید گھر کی تقریباً تمام سہولتوں سے آراستہ ہے، جن میں باتھ روم، کچن، ڈائننگ روم، راہداری، بیڈ روم، اسٹڈی، لانڈری ایریا اور دو منزلوں کو آپس میں ملانے کیلئے 2 سیڑھیاں شامل ہیں اور حیرت انگیز طور پر یہ سب کچھ صرف 63 سینٹی میٹر چوڑی جگہ میں سمایا ہوا ہے۔
اوکالاما کے مین اسکوائر پر واقع یہ تنگ ترین گھر متجسس راہگیروں کے دیکھنے کیلئے کھلا ہے، لیکن اس کی انتہائی کم چوڑائی کے باعث دو سے زیادہ افراد کیلئے اس کے اندر کا جائزہ لینا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔
فیبیو مورینو نے پہلے ہی دنیا کے سب سے تنگ گھر کے اعزاز کیلئے گنیز ورلڈ ریکارڈز میں درخواست جمع کروا دی ہے، تاہم اس کی تصدیق میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔
گنیز کو پہلے ایک تصدیقی عمل مکمل کرنا ہوتا ہے جس میں سرکاری پیمائش اور تکنیکی دستاویزات شامل ہوتی ہیں، تاہم مورینو کو پورا یقین ہے کہ وہ یہ عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیں گے۔