امریکا میں گمشدہ بلی 5 سال بعد اپنے مالکان سے جا ملی

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کی ریاست میری لینڈ میں ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک بلی برسوں بعد اپنے مالکان سے دوبارہ مل گئی۔

میری لینڈ کے علاقے ہکوری سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے کی پالتو بلی "آرٹیمس" ستمبر 2021 میں گھر سے باہر گئی اور واپس نہ آئی، اہل خانہ نے بلی کو تلاش کرنے کے لیے مقامی سطح پر بھرپور کوششیں کیں، حتیٰ کہ پمفلٹس بھی تقسیم کیے، مگر اس کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔

تاہم فروری 2026 میں ایک خاتون کرافورڈ کاؤنٹی ہیومین سوسائٹی کے مرکز میں ایک بلی لے کر آئیں اور بتایا کہ انہیں یہ ایک زیر تعمیر تہہ خانے سے ملی ہے۔

ہیومین سوسائٹی کے عملے نے بلی میں نصب مائیکرو چپ کو سکین کیا تو معلوم ہوا کہ اس کا نام آرٹیمس ہے اور وہی گمشدہ بلی ہے، ادارے نے فوری طور پر مالکان سے رابطہ کیا، جس پر انہوں نے خوشی اور حیرت کا اظہار کیا۔

بلی کے مالکان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین نہیں آ رہا تھا، مگر جب انہوں نے آرٹیمس کو دیکھا تو وہ پہلے جیسی ہی لگ رہی تھی اور یہ ان کی زندگی کا نہایت خوشگوار لمحہ تھا۔

یہ بات اب تک معلوم نہیں ہو سکی کہ آرٹیمس اتنے عرصے تک کہاں رہی اور کیسے اس مقام تک پہنچی، تاہم ہیومین سوسائٹی کے مطابق یہ واقعہ اس بات کی واضح مثال ہے کہ پالتو جانوروں میں مائیکرو چپ لگوانا کس قدر اہم ہے، جو گمشدگی کی صورت میں انہیں واپس ملانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں