پاکستان 5 جی کے دور میں داخل، 3 بڑی کمپنیوں کو لائسنس جاری، سروسز کا مرحلہ وار آغاز
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں جدید انٹرنیٹ سروس 5 جی کے باقاعدہ آغاز کی راہ ہموار ہوگئی ہے، جہاں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے 3 بڑی ٹیلی کام کمپنیوں کو لائسنس جاری کر دیئے، سروسز کا آج سے ہی مرحلہ وار آغاز ہو جائے گا۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے زونگ، جاز اور یوفون کو 5 جی کے لائسنس جاری کئے ہیں۔
پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی اور ٹیلی کام آپریٹرز کے درمیان 5 جی سپیکٹرم لائسنس پر دستخط ہو گئے، لائسنس کے اجرا کے بعد تینوں کمپنیاں ملک میں باقاعدہ طور پر 5 جی سروسز کا آغاز کر سکیں گی، جس سے صارفین کو تیز رفتار انٹرنیٹ اور جدید ڈیجیٹل سہولیات میسر آئیں گی۔
فائیو جی کی نیلامی شفاف انداز میں کی گئی: وزیراعظم
لائسنس کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کا فروغ صنعت ، زراعت اور آئی ٹی سیکٹرز میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،5 جی سپیکٹرم لائسنس کی انتہائی شفاف انداز میں نیلامی کی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ درپیش قانونی چیلنجز کو خوش اسلوبی سے حل کرنے پر پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، زونگ اور دیگر شراکت دار ٹیلی کام آپریٹرز کے تعاون کو سراہتے ہیں، نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا کر آئی ٹی شعبے میں ملک کا نام روش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی منفرد، اہم جھلک یہ جدید ٹیکنالوجی ہے، ملک کے طول وعرض میں ٹیکنالوجی کی جدید سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پروگرام کو چھوٹا رکھا گیا، پاکستان میں پہلی مرتبہ 5 جی سروس متعارف کرائی گئی ہے، کامیابی وزیر اعظم کی قیادت میں مکمل ٹیم ورک کے باعث ممکن ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہتر 4 جی سروسز فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، آنے والے چند ماہ میں مجموعی طور پر انٹرنیٹ کا معیار بہتر ہوگا۔
فائیو جی سپیکٹرم کے لائسنس کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں موبائل ٹیکنالوجی کی ترقی کا آغاز 90 کی دہائی کے اوائل میں ہوا،2004 سے 2025 تک سپیکٹرم کے حوالے سے چار نیلامیاں کی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 480 میگا ہرٹز کی شفاف انداز میں نیلامی اور لائسنس اجرا کیا گیا، پاکستان خطے میں سپیکٹرم کی استعداد کے حوالے سے پہلے نمبر پر آگیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق بڑی ٹیلی کام کمپنیاں مرحلہ وار سروس شروع کر رہی ہیں، زونگ اور جاز آج سے ہی 5 جی سروسز کا آغاز کر دیں گی، جبکہ یوفون چند روز بعد اس سروس کو متعارف کرائے گی۔
ذرائع کے مطابق ٹیلی کام کمپنیاں موبائل مینوفیکچرنگ کمپنیوں سے بھی رابطے میں ہیں، اور صارفین کو جلد ہی اپنے موبائل فونز پر سافٹ ویئر اپڈیٹ کے پیغامات موصول ہوں گے تاکہ وہ 5 جی سروس سے استفادہ کر سکیں۔
ابتدائی مرحلے میں 5 جی سروسز ملک کے بڑے شہروں لاہور، کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ اور پشاور کے اہم مقامات پر فراہم کی جائیں گی۔
ماہرین کے مطابق 5 جی ٹیکنالوجی کے آغاز سے انٹرنیٹ کی رفتار میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس سے ڈیجیٹل سروسز، کاروبار اور آن لائن معیشت کو فروغ ملے گا۔