گوگل نے اے آئی ہیلتھ فیچر 'واٹ پیپل سجیسٹ' ختم کر دیا

کیلیفورنیا: (دنیا نیوز) گوگل نے اپنے اے آئی سرچ فیچر 'واٹ پیپل سجیسٹ' کو بند کر دیا ہے، جو دنیا بھر کے صارفین کو صحت سے متعلق مشورے فراہم کرتا تھا۔

کمپنی کے ترجمان نے تصدیق کی کہ اس فیچر کو سرچ پیج کی وسیع سادگی (براڈَر سمپلی فکیشن) کے منصوبے کے تحت ختم کیا گیا ہے، ان کے مطابق اس فیصلے کا تعلق فیچر کی کوالٹی یا سیفٹی سے نہیں بلکہ سرچ کے عمل کو زیادہ آسان بنانے سے ہے۔

ترجمان نے یہ بھی کہا کہ گوگل اب بھی صارفین کو قابلِ اعتماد طبی معلومات فراہم کرتا رہے گا، جن میں ایسے فورمز بھی شامل ہیں جہاں لوگ اپنے ذاتی تجربات شیئر کرتے ہیں۔

جب اس فیچر کو متعارف کرایا گیا تھا تو گوگل نے اسے عالمی سطح پر صحت کے نتائج بہتر بنانے کے لیے اے آئی کے ایک انقلابی استعمال کے طور پر پیش کیا تھا، اس کا مقصد لوگوں کو ایسے افراد کے مشورے دینا تھا جنہوں نے اسی طرح کی طبی مشکلات کا سامنا کیا ہو۔

گوگل کی سابق چیف ہیلتھ آفیسر  کیرن ڈی سالوو  نے ایک بلاگ پوسٹ میں لکھا تھا کہ صارفین ماہرین کی معلومات کے ساتھ ساتھ ان لوگوں کے تجربات بھی سننا چاہتے ہیں جو اسی طرح کی بیماریوں سے گزر چکے ہوں، اسی خیال کے تحت واٹ ”پیپل سجیسٹ“ فیچر شروع کیا گیا تھا۔

تاہم برطانوی جریدے  گارڈین  کی رپورٹ کے مطابق اس فیچر پر بڑھتی ہوئی تنقید کے بعد گوگل نے اس کی خدمات محدود کر دیں، کیونکہ اے آئی کے ذریعے صحت سے متعلق مشورے دینا بعض اوقات صارفین کی زندگیوں کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔

اس سے قبل جنوری میں ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ گوگل کے  اے آئی اوور ویوز  بعض مواقع پر گمراہ کن معلومات فراہم کر رہے تھے، جس سے صارفین کو نقصان پہنچنے کا خدشہ تھا، اس کے بعد گوگل نے اس فیچر کو کچھ طبی سوالات تک محدود کر دیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں