اے آئی ٹیکنالوجی کے حامل کھلونے بچوں کیلئے کتنے محفوظ ہیں؟
نیویارک: (ویب ڈیسک) اے آئی ٹیکنالوجی سے چلنے اور بات کرنے والے روبوٹ، سمارٹ گڑیا اور انٹرنیٹ سے جڑے تعلیمی کھلونے اگرچہ بچوں کے لیے مفید ثابت ہو سکتے ہیں، لیکن یہ مکمل طور پر محفوظ نہیں ہیں اور والدین کو ان کے استعمال میں احتیاط کرنی چاہیے۔
ممکنہ فوائد سیکھنے میں مدد، انٹرایکٹو کھیل اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا شامل ہے، بعض اے آئی کھلونے زبان، ریاضی اور کہانی سنانے میں مدد دیتے ہیں، جبکہ بچوں کو سوال پوچھنے اور جواب حاصل کرنے کے ذریعے کھیل کے دوران تعلیمی تجربہ فراہم کرتے ہیں، کچھ کھلونے مسئلے حل کرنے یا کہانیاں بنانے کی سرگرمیاں بھی فراہم کرتے ہیں۔
تاہم، خطرات بھی قابل توجہ ہیں، زیادہ تر اے آئی کھلونوں میں مائیکروفون، کیمرہ یا انٹرنیٹ کنیکشن ہوتا ہے جو بچوں کی آواز، بات چیت اور رویے کا ڈیٹا جمع کر سکتا ہے، اگر یہ ڈیٹا محفوظ نہ ہو تو ہیکنگ یا غلط استعمال کا خطرہ ہوتا ہے۔
تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ تقریباً 27 فیصد اے آئی کھلونوں کے جوابات بچوں کے لیے نامناسب تھے، جیسے خطرناک یا غیر مناسب موضوعات، علاوہ ازیں، کچھ کھلونے جذباتی وابستگی پیدا کرنے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں جس سے بچے انہیں دوست سمجھنے لگتے ہیں، اور اس سے حقیقی سماجی مہارتوں پر اثر پڑ سکتا ہے۔
سکیورٹی کے حوالے سے بھی خطرات ہیں، بعض واقعات میں اے آئی کھلونوں کی چیٹ یا ڈیٹا انٹرنیٹ پر لیک ہوا ہے، جس سے بچوں کی ذاتی معلومات سامنے آ سکتی ہیں۔
والدین کے لیے ماہرین کی ہدایت ہے کہ وہ اے آئی کھلونوں کے استعمال میں حد اور نگرانی رکھیں تاکہ بچوں کی حفاظت اور پرائیویسی یقینی بنائی جا سکے۔