بلاول بھٹو کا آبی وسائل کے تحفظ کیلئے اجتماعی اقدامات کی ضرورت پر زور
کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یومِ آب کے موقع پر اپنے پیغام میں آبی وسائل کے تحفظ کے لیے فوری اور اجتماعی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پانی ہماری کرۂ ارض کی رگِ حیات ہے اور یہ ایک ایسی مشترکہ نعمت ہے جو انسانیت کو جوڑتی اور تہذیبوں کو قائم رکھتی ہے، اس قیمتی اثاثے کا تحفظ نہ صرف ماحولیاتی تقاضا ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک اخلاقی ذمہ داری بھی ہے، معاشرے کے تمام طبقات کو پائیدار طرزِ عمل اپناتے ہوئے ہر شہری کے لیے صاف پانی تک منصفانہ اور مساوی رسائی کو یقینی بنانا چاہیے۔
انہوں نے سندھ طاس معاہدہ سے متعلق بھارت کے یکطرفہ اقدامات کی ایک بار پھر مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی معاہدے کو معطل یا کمزور کرنے کی کوئی بھی کوشش بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کی طرف بہنے والے دریاؤں کے قدرتی بہاؤ کو روکنے اور ڈیم بنانے کی مسلسل کوششیں پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے مترادف ہیں، جو نہایت غیر ذمہ دارانہ اور قابلِ مذمت عمل ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی اقدامات کا فوری نوٹس لے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ بین الاقوامی معاہدوں کا احترام ان کی روح اور متن کے مطابق کیا جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے امید ظاہر کی کہ عالمی یومِ آب اس حوالے سے تحفظ، تعاون اور انصاف کے لیے عالمی عزم کو مزید مضبوط کرے گا اور اقوام کو تنازعات کے بجائے مکالمے کا راستہ اختیار کرنے کی ترغیب دے گا تاکہ ایک پائیدار، محفوظ اور پُرامن مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکے۔