غلط طیارے کا انتخاب، ایئر انڈیا کی پرواز 8 گھنٹے ہوا میں گھوم کر واپس

نئی دہلی: (دنیا نیوز) غلط طیارے کے انتخاب پر ایئر انڈیا کی کینیڈا جانے والی پرواز آدھے راستے سے واپس آگئی۔

ایئر انڈیا کی دہلی سے کینیڈا جانے والی پرواز کو تقریباً آٹھ گھنٹے فضا میں رہنے کے بعد واپس دہلی آنا پڑا کیونکہ ایئرلائن نے ایسا طیارہ استعمال کر لیا تھا جسے کینیڈا کے لیے اجازت حاصل نہیں تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پرواز اے آئی 185 وقت پر دہلی سے روانہ ہوئی اور لگ بھگ چار گھنٹے بعد جب یہ چین کی فضائی حدود میں داخل ہوئی تو ایئرلائن کو معلوم ہوا کہ طیارہ کینیڈا جانے کے لیے منظور شدہ نہیں۔

اس صورتحال کے بعد فوری طور پر پرواز کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا گیا، طیارہ تقریباً آٹھ گھنٹے کی پرواز کے بعد بحفاظت دہلی واپس پہنچ گیا، جہاں تمام مسافروں کو خیریت سے اتار لیا گیا۔

ایئر انڈیا کا کہنا ہے کہ یہ اقدام حفاظتی اور آپریشنل تقاضوں کے مطابق اٹھایا گیا جبکہ مسافروں کو پیش آنے والی پریشانی پر افسوس بھی ظاہر کیا گیا۔

ایئرلائن نے متاثرہ مسافروں کے لیے ہوٹل اور دیگر سہولیات فراہم کیں اور انہیں اگلے دن دوبارہ روانہ کرنے کے انتظامات کئے، ماہرین کے مطابق اس واقعے کے باعث ایئر انڈیا کو مالی نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں