روسی صدر ولادیمیر پوتن کی مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد
ماسکو: (شاہد گھمن ) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ملک بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ عیدالفطر مقدس ماہِ رمضان کے اختتام کی علامت ہے، جو صدیوں سے مسلمانوں کے لیے اخلاقی بلندی، رحم دلی اور ہمدردی جیسے اعلیٰ اقدار کا پیغام لے کر آتی رہی ہے۔
صدر پوتن نے کہا کہ روس کے مسلمان اپنے آباؤ اجداد کی تاریخی اور روحانی روایات کو نہایت عقیدت کے ساتھ برقرار رکھے ہوئے ہیں اور اس پرمسرت موقع کو اپنے اہلِ خانہ اور کمیونٹی کے ساتھ بھرپور طریقے سے مناتے ہیں۔
ان کے مطابق رمضان المبارک کے دوران خیراتی، ثقافتی، تعلیمی اور بچوں سے متعلق مختلف سرگرمیوں کا انعقاد ایک خوبصورت روایت بن چکا ہے۔
انہوں نے مسلم تنظیموں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے خاندانی نظام کے استحکام، نوجوان نسل کی تربیت اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ یہ حکومتی اور سماجی اداروں کے ساتھ مثبت مکالمے میں بھی شریک رہتے ہیں اور حب الوطنی، تعلیمی اور انسانی خدمت کے منصوبوں میں سرگرم عمل ہیں۔
روسی صدر نے ان مسلمانوں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ملک کی آزادی اور خودمختاری کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ ان افراد کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جو ایسے اہلکاروں کے اہلِ خانہ کی مدد کر رہے ہیں۔
آخر میں صدر پوتن نے روسی مسلمانوں کے لیے صحت، کامیابی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔