خیبرپختونخوا: دو مختلف واقعات میں تین خواتین سمیت 5 افراد قتل
مردان، صوابی: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے اضلاع مردان اور صوابی میں مختلف واقعات میں تین خواتین سمیت 5 افراد کو قتل کر دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق مردان میں فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب دونوں بیٹیاں عید منانے کے لیے اپنی والدہ کے گھر آئی ہوئی تھیں، ملزمان نے گھر میں داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ماں اور دو بیٹیاں موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
فائرنگ کے نتیجے میں ایک لڑکی اور ایک لڑکا شدید زخمی ہوئے، جنہیں تشویشناک حالت میں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب صوابی کے علاقے یارحسین میں راستے کے تنازع پر فائرنگ کے تبادلے میں دو نوجوان جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ فریقین کے درمیان پرانے تنازع کے باعث پیش آیا، جس دوران دونوں جانب سے فائرنگ کی گئی، واقعے کے نتیجے میں دو افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔