اسرائیل، امریکہ اور ایران کی جنگ سب کیلئے نقصان دہ، خاتمہ ہونا چاہیے: چودھری شافع
گجرات : صوبائی وزیر صنعت وتجارت چودھری شافع حسین نے کہا ہے کہ اسرائیل ، امریکہ اورایران کی جنگ سب کے لیے نقصان دہ، فوری خاتمہ ہونا چاہیے۔
پنجاب کے علاقے گجرات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شافع حسین کا کہنا تھا کہ امریکہ ایران جنگ سے پورا خطہ متاثر ہے،ایران پر قبضے کا منصوبہ کامیاب نہیں ہوگا۔
اُنہوں نے کہا کہ ایران کے بعد پاکستان کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، موجودہ حالات میں امت مسلمہ کو اتحاد کی ضرورت ہے، جنگ سب کے لیے نقصان دہ، فوری خاتمہ ہونا چاہیے، افغانستان سے دہشتگردی کا پاک فوج مؤثر جواب دے رہی ہے۔
وزیر صنعت وتجارت نے کہا کہ افواج دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہی ہے، سویلین محفوظ ہیں، نوجوانوں کو نشہ دے کر خودکش حملوں کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، اسلام میں خودکش حملے حرام ہیں۔
چودھری شافع حسین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے عوامی ریلیف کیلئے تیل کی قیمتیں نہیں بڑھائیں، اُمید ہے جنگ کے خاتمے سے تیل کی قیمتیں کم ہوں گی۔
اُنہوں نے کہا نئے طیارے کے حوالے سے کہا کہ 10 ارب کا طیارہ پنجاب حکومت کی ملکیت ہے جب کہ اپنی گفتگو میں عندیہ دیا کہ بلدیاتی انتخابات رواں سال یا 2027 میں متوقع ہے۔
وزیر صنعت وتجارت کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کا کسی کے خلاف انتقامی کارروائی کا ارادہ نہیں، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔