وزیراعظم کا صدر ترکمانستان سے ٹیلیفونک رابطہ، عید الفطر کی مبارکباد دی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے عیدالفطر کے پُرمسرت موقع پر ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔
وزیراعظم نے ترکمان صدر، ترکمان قیادت اور برادر عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی، ترکمان صدر نے بھی نہایت گرمجوشی سے ان جذبات کا جواب دیا اور پاکستانی عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں خصوصاً تجارت، توانائی، روابط اور علاقائی ترقی میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے جاری علاقائی اقدامات میں تعاون, بالخصوص باہمی مفاد کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
گفتگو نہایت خوشگوار اور باہمی خیرسگالی کے ماحول میں ہوئی، جو دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔