عیدالفطر خوشیاں بانٹنے، شکر گزاری کا درس دیتی ہے: سردار ایاز صادق

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عید الفطر کے موقع پر پوری قوم اور مسلم امہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر خوشیاں بانٹنے، محبت و ایثار کے جذبے کو فروغ دینے اور شکرگزاری کا درس دیتی ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ خوشی کے اس پُرمسرت موقع پر ہمیں مستحق اور نادار افراد کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنا چاہئے اور دل کھول کر ان کی مدد کرنی چاہئے، انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات کے پیش نظر ہمیں اپنی ذاتی زندگیوں میں کفایت شعاری کو فروغ دینا چاہئے۔

سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ قومی استحکام کے لئے حکومت کے ساتھ تعاون اور ملک میں امن و امان کے قیام میں اپنا کردار ادا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، ہر پاکستانی کو سماجی، سیاسی اور معاشی استحکام کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے ملک و قوم کی سلامتی کے لیے مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز کی غیر متزلزل کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کی دہشت گردی کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے، دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہے، پوری قوم اپنی مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے نتیجے میں شہادت کا رتبہ حاصل کرنے والے شہریوں اور سکیورٹی اداروں و مسلح افواج کے جوانوں کے لیے دعاگو ہے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے زور دیا کہ ہر قسم کی انتہا پسندی، نفرت اور فرقہ واریت سے مکمل اجتناب ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ دین بھی ہمیں یہی درس دیتا ہے کہ ایک دوسرے کے ساتھ محبت، رواداری اور بھائی چارے کے ساتھ پیش آئیں تاکہ معاشرتی ہم آہنگی قائم رہے اور ملک میں امن و سکون کی فضا فروغ پائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں