کفایت شعاری فنڈ کیلئے 100 ارب روپے منظور

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے وزیراعظم کفایت شعاری فنڈ کیلئے 100 ارب روپے کی منظوری دے دی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں ای سی سی کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران ای سی سی نے وزیر اعظم کفایت شعاری فنڈ کیلئے 100 ارب کی منظوری دے دی۔

وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کیلئے فنڈ قائم کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی۔

ای سی سی کے مطابق خلیجی صورتحال کے باعث عالمی تیل قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا خدشہ ہے، پی ایس ڈی پی فنڈز میں کٹوتی کر کے مالی گنجائش پیدا کی گئی ہے۔

ای سی سی نے ترقیاتی منصوبوں پر کم سے کم اثر ڈالنے کی حکمت عملی کی ہدایت کی، ای سی سی نے ایک ملین ٹن گندم خریدنے کی بھی منظوری دے دی۔

اعلامیہ کے مطابق گندم خریداری نجی شعبے کے ذریعے شفاف انداز میں کی جائے گی، ای سی سی نے مارکیٹ استحکام اور کسانوں کے مفاد کو مدنظر رکھنے کی ہدایت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں