انصاف تک رسائی کیلئے ٹیکنالوجی اور بہتر کیس مینجمنٹ کے اقدامات کا آغاز

اسلام آباد: (دنیا نیوز) انصاف تک رسائی کیلئے ٹیکنالوجی اور بہتر کیس مینجمنٹ کے اقدامات کا آغاز ہو گیا، سپریم کورٹ نے ویڈیو لنک کے ذریعے سماعتوں اور کیس مینجمنٹ کے جدید طریقوں کو یکجا کر دیا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس کے مطابق ٹیکنالوجی کے استعمال سے عدالتی خدمات کو موثر، قابل رسائی اور بلا تعطل بنایا جا رہا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق مختلف شہروں سے وکلاء اور سائلین کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، ویڈیو لنک سہولت سے دور دراز علاقوں کے سائلین کے اخراجات اور سفری مشکلات میں کمی آئے گی۔

24 مارچ کو ہونے والی سماعت میں کوئٹہ، حیدرآباد اور کراچی سے وکلاء ویڈیو لنک پر پیش ہوئے، ویڈیو لنک سہولت کی توسیع لاء اینڈ جسٹس کمیشن کے اصلاحاتی فریم ورک کا حصہ ہے۔

اعلامیہ کے مطابق ہائیکورٹ کی رجسٹریوں میں جہاں سپریم کورٹ برانچ دستیاب نہیں وہاں ٹیکنالوجی کے ذریعے رابطہ بڑھایا جا رہا ہے، حکومتی کفایت شعاری اور توانائی بچت اقدامات کے تحت کیس مینجمنٹ میں بہتری لائی گئی ہے۔

ہفتہ وار کام کے دن 5 سے کم ہو کر 4 ہونے پر کیسز کی ریڈولنگ کی گئی ہے، چار ورکنگ ڈیز میں کیسز کی تعداد کو اس طرح تقسیم کیا گیا ہے کہ سائلین کو بروقت سماعت مل سکے۔

سپریم کورٹ کے اعلامیہ کے مطابق ڈیجیٹل سہولیات اور بہتر شیڈولنگ سے عدالتی نظام پر عوامی اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں