وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے گڈ گورننس روڈ میپ 2.0 کا افتتاح کر دیا

پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے گڈ گورننس روڈ میپ 2.0 کا افتتاح کر دیا، 10 نئے محکمے اور 88 اقدامات شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ گڈ گورننس روڈ میپ میں مجموعی اقدامات کی تعداد 362 سے بڑھا کر 450 کر دی گئی ہے، گڈ گورننس روڈ میپ کی از خود نگرانی کی جا رہی ہے عوامی خدمات میں تاخیر کو سنگین جرم تصور کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے سیاحتی سیزن کے تناظر میں سیاحوں کے لیے خوشگوار، محفوظ ماحول اور مؤثر رہنمائی یقینی بنانے اور سیاحتی مقامات کی فوری فیس لفٹنگ اور سہولیات میں بہتری کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔

سہیل آفریدی نے نتھیاگلی روڈ کے پی سی ون پر کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ حکومت ای چالان سسٹم متعارف کرانے پر کام کر رہی ہے، ای چالان سے گاڑیوں کی خرید و فروخت میں فوری ٹرانسفر ممکن ہوگی۔

وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ ای چالان سسٹم سمیت حکومت کے تمام اصلاحات کے بارے عوامی آگاہی یقینی بنائی جائے، وزیراعلیٰ نے محکمہ جنگلات کو 23 مارچ کو 10 لاکھ پودے لگانے کی کامیاب مہم پر مبارکباد دی اور کہا کہ لگائے گئے پودوں کی حفاظت اور نگہداشت یقینی بنائی جائے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک سنگین مسئلہ ہے، جنگلات کے رقبے میں اضافہ حکومت کی ترجیح ہے۔

وزیراعلیٰ کے پی نے سرکلر ریلوے منصوبہ ترجیحی بنیادوں پر شروع کرنے، ضلع خیبر اور مردان تک ریلوے توسیع کے منصوبے پر ابتدائی کام آئندہ بجٹ سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو بریفنگ دی گئی کہ گڈ گورننس روڈ میپ 2.0 کے نئے اقدامات سے سروس ڈلیوری اور گورننس میں بڑی بہتری آئے گی، ای پنشن سسٹم کے ذریعے ریٹائرڈ ملازمین کو سہل اور تیز خدمات فراہم ہوں گی۔

وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ بورڈ آف ریونیو میں لینڈ ریکارڈ سروسز کو موبائل یونٹس کے ذریعے عوام کی دہلیز تک پہنچا جائے گا، ڈیجیٹل لینڈ ریکارڈ سسٹم نادرا کے ساتھ انضمام کے ذریعے شفافیت اور کرپشن کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے گا۔

سہیل آفریدی کو بریفنگ دی گئی کہ ٹریفک مینجمنٹ کے لئے کیمرہ بیسڈ انفورسمنٹ سسٹم متعارف کرانے سے سڑکوں پر قوانین کی عملداری بہتر ہوگی، سکول زون سیفٹی پیکیج متعارف، بچوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنایا جائے گا، سموگ مانیٹرنگ اور کلائمیٹ آبزرویٹریز کے قیام سے فضائی معیار کی نگرانی ممکن ہوگی۔

زہریلے فضلے اور ویسٹ واٹر مانیٹرنگ سسٹم سے ماحولیاتی خطرات میں کمی لائی جائے گی، بلین ٹری پلس پروگرام کے تحت شجرکاری مہم کو مزید وسعت دی جائے گی، ڈرائیونگ لائسنسز کی ڈیجیٹلائزیشن سے شہریوں کو تیز اور شفاف سہولیات فراہم ہوں گی۔

پی پی پی ماڈل کے تحت انٹر سٹی ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف، اضلاع کے درمیان رابطہ بہتر ہوگا، جیلوں میں ٹیلی میڈیسن اور ہیلتھ سکریننگ سہولیات متعارف کرائی جائیں گی، نوعمر قیدیوں کی بحالی کے لیے ہنر مندی پروگرامز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ورکنگ ویمن کے لئے میٹرنٹی بینیفٹس کے نفاذ سے مالی تحفظ یقینی بنایا جائے گا، ایمرجنسی صورتحال کے لیے ارلی وارننگ سسٹم متعارف کرنے سے جانی و مالی نقصان میں کمی ممکن ہوگی، ایمبولینس اور ریسکیو گاڑیوں میں جی پی ایس ٹریکنگ سسٹم نصب کرنے سی شفافیت اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔

وزیراعلیٰ کے پی کو گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت جاری اصلاحات پر بھی بریفننگ دی گئی اور بتایا گیا کہ 16 محکموں میں 320 اصلاحاتی اقدامات پر عملدرآمد جاری ہے، اب تک 440 سے زائد ہفتہ وار، 70 سے زائد ماہانہ اور 5 سہ ماہی جائزہ اجلاس منعقد کیے جا چکے ہیں۔

مختلف محکموں میں 2200 سے زائد ایکشن سٹیپس تیار کیے گئے ہیں تاکہ اصلاحات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے، صحت کے شعبے میں 150 بی ایچ یوز 24 گھنٹے فعال ہو چکے ہیں جبکہ باقی جون 2026 تک فعال کیے جائیں گے۔

بی ایچ یوز اور آر ایچ سیز کے لیے 700 ڈاکٹرز بھرتی کیے گئے ہیں جبکہ 2400 میڈیکل آفیسرز کی منظوری دی گئی ہے، پولیو مہم 45 اضافی یونین کونسلز تک توسیع دی گئی ہے اور بند علاقوں تک رسائی بحال کی گئی ہے، 60 سے زائد ہسپتالوں میں 150 ویکسینیٹرز تعینات کیے گئے ہیں اور شام کی شفٹ میں ویکسینیشن سروسز میں توسیع کی گئی ہے۔

بلدیاتی شعبے میں 2500 کلومیٹر نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی مکمل کی گئی ہے، دیہی سطح پر ویسٹ کلیکشن سسٹم فعال ہے اور ماہانہ 4500 ٹن کچرا اکٹھا کیا جا رہا ہے، تعلیمی شعبے میں ایک لاکھ سے زائد طلبہ کو فرنیچر فراہم کیا گیا جبکہ 3500 طلبہ کو وظائف فراہم کی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ زراعت کے شعبے میں ڈیڑھ لاکھ جنگلی زیتون کے درختوں کو پیداواری اقسام میں تبدیل کیا گیا، سماجی بہبود کے تحت 3 ہزار سے زائد یتیم بچوں اور 3 ہزار سے زائد بیواؤں کو ماہانہ وظیفہ جاری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں