پاکستان اور عمان کے درمیان توانائی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور عمان نے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے تناظر میں توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان میں سلطنتِ عمان کے سفیر فہد بن سلیمان بن خلف الخروصی سے ملاقات کی، جس میں خطے کی توانائی صورتحال اور توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان دیرینہ، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات مشترکہ تاریخ، باہمی احترام اور عوامی روابط پر مبنی ہیں۔ انہوں نے توانائی کے شعبے میں دوطرفہ شراکت داری کو مزید فروغ دینے اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے سفیر کو پاکستان کی جانب سے توانائی درآمدات میں تنوع لانے اور سپلائی کو مستحکم بنانے کی جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدلتی علاقائی صورتحال کے پیش نظر آبنائے ہرمز کے علاوہ متبادل راستوں اور ذرائع پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

عمانی سفیر نے پاکستان کی توانائی ذرائع میں تنوع کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عمان پاکستان کی توانائی سلامتی مضبوط بنانے میں تعاون کے لیے تیار ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ عمان پاکستان کی بڑھتی ضروریات پوری کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر توانائی کارگو فراہم کرنے کی درخواست پر مثبت غور کرے گا، جس پر سفیر نے سازگار جواب دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ درخواست پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔

مارچ کے دوران عمان کی بندرگاہوں سے پیٹرول کے 3 اور ڈیزل کا ایک کارگو پاکستان درآمد کیا جا چکا ہے، جبکہ مارچ ہی میں پیٹرول کے مزید 2 کارگو درآمد کیے جائیں گے۔

ملاقات میں اپ اسٹریم شعبے، بالخصوص تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار کے منصوبوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ پاکستان اسٹیٹ آئل اور عمان ٹریڈنگ انٹرنیشنل کے درمیان اضافی تیل کارگو کی فراہمی سے متعلق مثبت مذاکرات جاری ہونے کا بھی ذکر کیا گیا۔

دونوں ممالک نے توانائی کے شعبے میں تعاون مزید گہرا کرنے اور باہمی فائدے کے لیے اسٹریٹجک تعلقات مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں