ایران مذاکرات کیلئے سنجیدگی دکھائے اس سے پہلے کہ بہت دیر ہوجائے: ٹرمپ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات پر سخت بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی مذاکرات کاروں کا رویہ غیر معمولی اور عجیب ہے، ایران نے جلد سنجیدگی نہ دکھائی تو واپسی ممکن نہیں ہوگی۔

ٹرتھ سوشل پر اپنے پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران فوجی طور پر شدید نقصان اٹھا چکا ہے اور اس کے پاس دوبارہ طاقت حاصل کرنے کا کوئی حقیقی موقع نہیں، اس لیے اسے سنجیدگی کے ساتھ مذاکرات کی طرف آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایران عوامی سطح پر یہ تاثر دے رہا ہے کہ وہ صرف امریکی تجویز کا جائزہ لے رہا ہے، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے جلد سنجیدگی نہ دکھائی تو صورتحال ایک ایسے مرحلے میں داخل ہوسکتی ہے جہاں واپسی ممکن نہیں ہوگی اور نتائج انتہائی سخت ہوسکتے ہیں۔ 

قبل ازیں انہوں نے ریپبلکن پارٹی کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایرانی رہنما شدید خواہش رکھتے ہیں کہ معاہدہ طے پا جائے لیکن اندرونی و بیرونی نتائج کے خوف سے وہ ایسا نہیں کر پا رہے، وہ یہ کہنے سے ڈرتے ہیں کہ کہیں ان کے اپنے لوگ انہیں مار نہ دیں، ایرانی قیادت کو یہ بھی خوف ہے کہ اگر معاہدہ نہ کیا تو ہم انہیں نہ مار دیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے تمام رہنما صدر بننے کے خواہش مند ہیں، ایک رہنما نے کہا میں سپریم لیڈر نہیں بننا چاہتا، ایسے ہی ٹھیک ہوں، ہم ایران میں جنگ مکمل کرنے کے قریب ہیں، بی ٹو بمبار طیاروں نے ایرانی جوہری تنصیبات، نیوی، فضائیہ سب کو تباہ کردیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اوباما نے ایران کی جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی خواہش کو ممکن بنایا لیکن یہ خواہش ناکام ہوگی۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ میں نے 8 جنگیں رکوائیں اور ایک جنگ جیت بھی رہا ہوں، فیک نیوز کو دیکھیں تو لگتا ہے جیسے ہم جنگ ہا ر رہے ہیں، میرے خلاف 94 فیصد جعلی خبریں چلائی گئیں پھر بھی الیکشن جیت گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں