بنگلا دیش: مسافروں سے بھری بس دریا میں جا گری، 24 افراد جاں بحق
ڈھاکہ: (دنیا نیوز) بنگلا دیش کے ضلع راج باری میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بس کو ایک فیری پر سوار کیا جا رہا تھا، دوران کارروائی بس بے قابو ہو گئی اور تقریبا 30 فٹ گہرے پانی میں جا گری۔
ریسکیو حکام کے مطابق بس میں تقریباً 50 مسافر سوار تھے، جن میں سے 22 افراد کی لاشیں نکال لی گئی جبکہ 2 افراد ریسکیو کیے جانے کے بعد دم تاڑ گئے، جاں بحق ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حادثے کے بعد کئی مسافر لاپتا بھی ہیں، جن کی تلاش کے لیے غوطہ خوروں کی مدد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے، ریسکیو ٹیموں کو خراب موسم، تیز ہواؤں اور بارش کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، تاہم لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔