پاکستان کا خطے میں کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی پر زور
اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفترِ خارجہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کیلئے کردار ادا کررہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں قیام امن کیلئے بھر پور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، اور اس سلسلے میں سفارتی سطح پر اہم پیش رفت جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف مختلف ممالک کے سربراہان سے مسلسل رابطے میں ہیں، انہوں نے سعودی ولی عہد سے موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی، جبکہ ایران کے صدر کے ساتھ بھی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس کے علاوہ ناروے، سعودی عرب اور آذربائیجان سمیت مختلف ممالک کے ساتھ بھی سفارتی روابط استوار کیے گئے ہیں۔
ترجمان نے بریفنگ میں بتایا ہے کہ وزیراعظم نے لبنان، مصر اور بنگلا دیش کے رہنماؤں سے بھی بات چیت کی ہے۔
طاہر حسین اندرابی کا کہنا تھا کہ نائب وزیراعظم بھی سفارتی محاذ پر متحرک ہیں اور خطے کے ممالک کے ساتھ رابطوں میں مصروف ہیں، پاکستان مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مساجد، خواتین اور بچوں پر حملوں کے خلاف آواز بلند کر رہا ہے، ترجمان نے سری نگر کی تاریخی جامع مسجد کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسجد کو سیل کرنا گہری تشویش کا باعث ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم بھارت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بنیادی انسانی حقوق کو یقینی بنائے۔