مختلف علاقوں میں گیس کی ترسیل اور پریشرمتاثر
سوئی سدرن گیس کمپنی کو دو گیس فیلڈز سے اچانک فراہمی میں کمی کا سامنا
کراچی(کامرس رپورٹر)سوئی سدرن گیس کمپنی کو دو گیس فیلڈز سے اچانک فراہمی میں کمی کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے باعث کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی ترسیل اور پریشر شدید متاثر ہوگیا ہے کمپنی ترجمان کے مطابق تکنیکی وجوہات کے باعث گیس کی سپلائی میں کمی واقع ہوئی جسکے اثرات شہر کے متعدد اضلاع میں فوری طور پر محسوس کیے گئے صارفین کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل، ملیر اور ایسٹ کے مختلف علاقوں میں گیس کا پریشر انتہائی کم ہوگیا جبکہ بعض مقامات پر گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل بھی رہی، جسکے باعث گھریلو اور کمرشل صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
شہریوں کے مطابق کھانا پکانے اور دیگر گھریلو امور متاثر ہوئے جبکہ بعض علاقوں میں متبادل ایندھن کے استعمال کی ضرورت بھی پیش آئی۔ترجمان سوئی سدرن گیس کے مطابق کمپنی کو گیس فراہم کرنے والی دو اہم گیس فیلڈز میں اچانک تکنیکی مسائل پیدا ہو گئے ، ان فیلڈز سے سسٹم میں آنے والی گیس کی مقدار میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ، جس سے گیس پریشر بری طرح متاثر ہو رہا ہے ۔ترجمان نے واضح کیا ہے کہ کمپنی اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے متحرک ہے ، صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ دستیاب گیس کو ضرورت کے مطابق تقسیم کیا جا سکے ۔ ہم اس غیر متوقع قلت کو جلدازجلد حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ صارفین کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکے ۔