کلفٹن میں سپر اسٹور میں آتشزدگی،مشتبہ شخص زیرحراست
بیسمنٹ میں لگی آگ گراؤنڈ فلور تک پھیل گئی، دھوئیں سے مشکلات کاسامناآگ بجھانے کے لیے 6گاڑیاں مصروف عمل رہیں،وجہ کا تعین نہیں ہوسکا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کلفٹن کے علاقے زم زمہ اسٹریٹ پر واقع نجی سپر اسٹور میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد علاقے میں بھگدڑ مچ گئی اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ بجھانے کے لیے 6 گاڑیاں مصروف عمل رہیں ۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق بیسمنٹ میں لگی آگ گراؤنڈ فلور تک پھیل گئی، جس پر قابو پانے کی کوششیں کی گئیں۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ بیسمنٹ تک رسائی کے لیے دروازوں کو کٹر کے ذریعے کاٹا گیا۔حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں، تحقیقات کے بعد حتمی طور پر اعلان کیا جائے گا۔
چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی طور پر بیسمنٹ میں آگ لگی تھی جسے بجھا دیا گیا تھا بعد ازاں گراؤنڈ فلور پر اسپاٹس پر بھی آگ پھیلی، جس پر قابو پانے کی کوشش کی گئی۔ آگ لگنے کے وقت اسٹاف اندر موجود نہیں تھا۔ ابتدائی طور پر پتا چلا کہ اے ٹی ایم میں آگ لگی تھی۔ اسٹور کے عملے نے پہلے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی، تاہم فالس سیلنگ کے باعث آگ تیزی سے پھیل گئی ۔انہوں نے مزید بتایا کہ دھواں کافی زیادہ تھا جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا رہا۔دریں اثنا اسٹور کے باہر سے ایک مشکوک شخص کو بھی حراست میں لیا گیا ہے ۔ اسٹور انتظامیہ کے گارڈز نے مشکوک شخص کو عمارت کے بیسمنٹ کے قریب سے پکڑا، جسے پولیس کے حوالے کیا گیا ہے ۔