تین ماہ میں جرائم کی 14 ہزار وارداتیں ،134 شہری قتل
478گاڑیاں اور 10 ہزار 154 موٹر سائیکلیں چوری و چھین لی گئیں
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)رواں سال 2026 کی پہلی سہ ماہی کے دوران جرائم کی 14 ہزار سے زائد وارداتیں ہوئیں، 134 افراد قتل جبکہ 10 ہزار سے زائد موٹرسائیکلیں چوری اور چھین لی گئیں۔نجی ٹی وی کو موصول ہونے والی سٹیزن پولیس لائز کمیٹی (سی پی ایل سی) کی سہ ماہی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ شہر میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چھینا جھپٹی اور چوری کے واقعات میں شہریوں کی مجموعی طور پر کروڑوں روپے مالیت کی 478 گاڑیاں اور 10 ہزار 154 موٹر سائیکلیں چوری و چھین لی گئیں۔اسی دورانیہ میں شہریوں سے اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں 3 ہزار 943 موبائل فونز بھی چھین لیے گئے جبکہ رواں سال کے 3 ماہ کے دوران قتل و غارت گری کے دوران 134 افراد بھی موت کے گھاٹ اتار دیئے گئے ۔رپورٹ کے مطابق 3 ماہ میں بھتہ طلب کرنے کے 52 واقعات بھی رپورٹ ہوئے ۔سی پی ایل سی نے گزشتہ ماہ مارچ میں گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں ، موبائل فونز کی چھینا جھپٹی اور چوری کے واقعات سے متعلق بھی اعداد شمار جاری کیے ہیں جس کے مطابق گزشتہ ماہ شہر کے مختلف علاقوں سے 17 گاڑیاں چھینی جبکہ 140 گاڑیوں کو چوری کرلیا گیا جبکہ اس دوران ملزمان نے شہریوں سے 440 موٹر سائیکلیں چھین لیں جبکہ 3 ہزار 27 موٹر سائیکلوں کو چوری کرلیا۔اس کے ساتھ ساتھ گزشتہ ماہ شہریوں سے 1265 موبائل فونز بھی چھین لیے گئے۔