عید الاضحی پر مویشی منڈیوں کیلئے کمشنر کی اجازت لازمی قرار
غیر قانونی منڈیوں کی روک تھام کیلئے ڈپٹی کمشنرز و پولیس کو کارروائی کا حکم اجازت نامے پولیس کی مشاورت سے جاری کئے جائیں گے ،سید حسن نقوی
کراچی (اسٹاف رپورٹر )عید الاضحی کے موقع پر مویشی منڈیاں قائم کرنے کیلئے کمشنر کراچی آفس اجازت نامہ جاری کرے گا۔تمام اجازت نامہ پولیس اور ٹریفک پولیس سے مشاورت کے بعد جاری کئے جائیں گے ۔ اجازت کے بغیر قائم مویشی منڈیاں غیر قانونی ہوں گی، ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ شہر کے اندر جگہ جگہ غیر قانونی مویشی منڈیوں کی روک تھام کیلئے تمام ڈپٹی کمشنرز اور پولیس مربوط اقدامات کریں گے ۔ بلدیہ عظمی، ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز، کنٹونمنٹ بورڈز سمیت تمام متعلقہ ادارے اپنے اپنے علاقوں اور حدود میں مطلوب مویشی منڈیوں کے لیے متعلقہ ڈپٹی کمشنر سے رجوع کریں گے ۔ اس بات کا فیصلہ جمعرات کو کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں شہر کے اندر جگہ جگہ غیرقانونی مویشی منڈیوں کی روک تھام کی جائے گی، کمشنر کی اجازت کے بغیر قائم ہونے والی میڈیاں غیر قانونی ہوگی، اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مویشی منڈیوں کیلئے سیکورٹی، صٖفائی پارکنگ کے اقدامات کئے جائیں گے ، تمام متعلقہ اداروں سے کہا گیا کہ وہ ایک ہفتہ کے اندر اپنے علاقوں اور حدود میں مویشی منڈیوں کے قیام کی منصوبہ بندی کرلیں ۔