واٹر ہائیڈرنٹس کی مدت ختم ہونے کے باوجود کارروائی نہ کرنے پرجواب طلب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ماتحت چلنے والے واٹر ہائیڈرنٹس کی مدت ختم ہونے کے باوجود کارروائی نہ کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت 23 اپریل کو ہوگی، عدالت نے فریقین سے تفصیلی جواب طلب کر رکھا ہے ۔
وکیل درخواست گزار کے مطابق 25 دسمبر 2022 کو واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ماتحت چلنے والے 6 واٹر ہائیڈرنٹس کی بولی دو سال کے لیے طلب کی گئی تھی، تاہم واٹر بورڈ حکام کی مبینہ ملی بھگت سے گزشتہ 15 سال سے ایک ہی ٹھیکیدار کو ٹھیکے دیے جا رہے ہیں۔ وکیل کے مطابق ہائیڈرنٹس کے ٹھیکے مقررہ قیمت سے معمولی اضافے کے ساتھ حاصل کیے جاتے ہیں، جبکہ 30 مئی 2025 کو کنٹریکٹ ختم ہونے کے باوجود ٹھیکیدار تاحال کام کر رہے ہیں اور نئی بولی بھی طلب نہیں کی گئی۔ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے وکیل کے مطابق ٹینڈر سے متعلق معاملات بورڈ کو دوبارہ بھجوا دیے گئے ہیں اور اس حوالے سے معاملہ دوبارہ بورڈ کے سامنے رکھا جائے گا۔