رواں سال کے ابتدائی 111روز میں اموات 322ہوگئیں
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)رواں سال کے ابتدائی 111 روز میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 322 تک پہنچ گئی۔
سب سے زیادہ 52 افراد ٹریلر سے پیش آنے والے جان لیوا حادثات کا شکار ہو کر ابدی نیند سوگئے ۔ترجمان چھیپا فاؤنڈیشن شاہد چوہدری کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد اور زخمیوں کے حوالے سے جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے دوران کے شہر میں جان لیوا خونی حادثات میں مجموعی طور پر 322 افراد زندگی سے محروم ہوگئے جس میں 234 مرد ، 44 خواتین ، 34 بچے اور 10 بچیاں شامل ہیں۔ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 3 ہزار 417 افراد زخمی بھی ہوئے جس میں 2635 مرد ، 580 خواتین ، 151 بچے اور 51 بچیاں بھی شامل ہیں۔ شہر میں رواں سال کے 112 روز میں اب تک ہیوی گاڑیوں سے پیش آنے والے جان لیوا خونی حادثات کا بھی سلسلہ بدستور جاری ہے جس میں ٹریلر کی ٹکر سے 52 افراد ، واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 30 افراد ، مزدا کی ٹکر 12 افراد ، بس کی ٹکر سے بھی 12 افراد جبکہ ڈمپر کی ٹکر سے 5 افراد زندگی سے محروم ہوچکے ہیں۔