ایم کیو ایم کی بلدیاتی کونسلز پر تنقید،نظام مفلوج قرار

ایم کیو ایم کی بلدیاتی کونسلز پر تنقید،نظام مفلوج قرار

سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ،سیوریج نظام تباہ ،عوام کو انتظامی ناکامی کا سامنا انفرااسٹرکچر بحال،نظام بااختیار بنایا جائے ،احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں،بیان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مرکزی کمیٹی نے شہرکی بگڑتی صورتحال، تباہ حال انفرااسٹرکچر اور مفلوج بلدیاتی نظام پر شدید تشویش اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کے عوام کو بدترین انتظامی ناکامی کا سامنا ہے ۔ جاری بیان میں ایم کیو ایم پاکستان نے پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کی زیرِ انتظام بلدیاتی کونسلز کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نااہلی، بدانتظامی اور عدم دلچسپی کے باعث بلدیاتی نظام مکمل طور پر مفلوج ہوچکا ہے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل ناکامی ہوچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، سیوریج نظام تباہ حال ہے ، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر شہریوں کیلئے عذاب بن چکے ہیں جبکہ بارش کے بعد شہر کا ڈوب جانا معمول بن چکا ہے۔

پانی، بجلی اور ٹرانسپورٹ جیسے بنیادی مسائل بھی بدستور حل طلب ہیں جس کے باعث شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ کراچی کومسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے ، اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ، ٹوٹا ہوا انفرااسٹرکچر، نکاسی آب کا ناقص نظام اور شہری سہولیات کی عدم دستیابی حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔اس موقع پر ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بلدیاتی نظام کو فعال اور قانونی طور پر بااختیار بنایا جائے ، انفرااسٹرکچر کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں ، بصورتِ دیگر عوام احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں