چڑیا گھر کی زمین پر درختوں کی کٹائی، میئر اور دیگر فریقین سے جواب طلب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے چڑیا گھر کی زمین پر موجود قدیم اور تاریخی درختوں کی کٹائی کے خلاف درخواست پر میئر کراچی، چڑیا گھر انتظامیہ اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
درخواست شہری علی عباس کی جانب سے دائر کی گئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کراچی چڑیا گھر میں موجود تاریخی اور قدیمی درختوں کو کاٹا جارہا ہے جو شہر کے قدرتی اور تاریخی ورثے کا اہم حصہ ہیں۔ درخواست میں کہا گیا کہ یہ اقدام نہ صرف ماحولیاتی نقصان کا باعث بن رہا ہے بلکہ شہر کی شناخت کو بھی متاثر کر رہا ہے ۔ چڑیا گھر کی قیمتی زمین مبینہ طور پر نجی پارٹی کے حوالے کی جا رہی ہے۔