سینیٹری لینڈ فل سائٹ جام چاکرو جلد مکمل کیا جائے ، وزیر بلدیات
کراچی(اسٹاف رپورٹڑ)صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصرحسین شاہ سے چینی وفد کی ملاقات کے دوران شہر میں صفائی ستھرائی، ویسٹ مینجمنٹ اور شہری سہولیات کی بہتری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پرسندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اورپروجیکٹ سوئیپ کے عہدیداران نے شرکت کی۔وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ کراچی میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے جدید مشینری اور ٹیکنالوجی متعارف کرائی جائے ۔انہوں نے لینڈفل سائٹ پرلیزر ریڈرڈیوائس کے استعمال کی بھی ہدایت دی، جس سے کچرے کی درجہ بندی ومنظم معلومات حاصل ہونگی۔ اس موقع پر انہوں نے چائنیز کمپنی کے وفد سے کہا کہ شہر میں بڑھتے ہوئے کچرے ، نالوں کی صفائی اور ویسٹ کلیکشن کے مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انجینئرڈ سینیٹری لینڈ فل سائٹ پر ترقیاتی کام جلد مکمل کئے جائیں۔