عوام پر رحم اور اشرافیہ کو مفت پٹرول بند کیا جائے ،آفاق احمد
کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام پر رحم کیا جائے اور اشرافیہ کو فراہم کیا جانے والا مفت پٹرول بند کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایک ماہ میں تیسری بار پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی ہے ، دنیا کے دیگر ممالک عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات عوام پر منتقل کرنے کے بجائے متبادل راستے اختیار کرتے ہیں جبکہ یہاں مہنگائی کا سارا بوجھ غریب عوام پر ڈال دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے منہ سے نوالہ چھین کر حکمرانوں کے چہروں پر مسکراہٹ زہر لگتی ہے ، حکمران عوامی مشکلات کا ادراک کریں اور ایسے فیصلوں سے گریز کریں جو عام آدمی کی زندگی مزید مشکل بنا دیں۔ آفاق احمد نے حکمرانوں سے اپیل کی کہ عوام کے صبر کا امتحان لینا بند کیا جائے ۔