وزیراعظم کا ایرانی صدر سے رابطہ، خطے میں امن کی کوششوں بارے آگاہ کیا
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں خطے امن کی کوششوں بارے آگاہ کیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف اور مسعود پزشکیان کے درمیان قریباً 50 منٹ تک گفتگو جاری رہی جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاری کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
دورانِ گفتگو شہباز شریف نے 11 اور 12 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں ایرانی اعلیٰ سطح کے وفد کی شرکت کو سراہا۔
انہوں نے ایران کے اس فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا کہ وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں ایک وفد اسلام آباد بھیجا گیا، جس نے وزیراعظم سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جن میں وزیراعظم کے ساتھ 2 گھنٹے طویل تفصیلی ملاقات بھی شامل تھی۔
وزیراعظم نے ایرانی صدر کو اپنی حالیہ سفارتی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ مختلف عالمی رہنماؤں سے روابط کے ذریعے خطے میں پائیدار امن کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی حمایت میں وسیع تر اتفاق رائے پیدا کرنے میں مدد ملی ہے۔
شہباز شریف نے اس ماہ کے آغاز میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ تہران کے دوران ایرانی قیادت کے ساتھ ہونے والی مفید بات چیت کو بھی سراہا، ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے نیک تمناؤں اور احترام کا پیغام بھی پہنچایا اور پاکستان کے خطے میں امن کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔