غیر قانونی تیل اسٹوریج پر ایف آئی اے کا چھاپہ ، ہزاروں لیٹر پٹرول برآمد

 غیر قانونی  تیل اسٹوریج پر ایف آئی اے کا چھاپہ ، ہزاروں لیٹر پٹرول برآمد

پٹرول کو عارضی ڈرمز میں منتقل کر کے چھوٹی گاڑیوں کے ذریعے مختلف پٹرول پمپس تک پہنچایا جا رہا تھا،ملزمان کے خلاف مقدمہ درج،ایک اور کارروائی میں فلنگ اسٹیشن کا لائسنس جعلی نکلا

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے غیر قانونی آئل اسٹوریج اور پٹرول چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے کورنگی انڈسٹریل ایریا کے مہران ٹاؤن میں قائم ایک غیر قانونی آئل اسٹوریج سہولت پر چھاپا مارا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ کارروائی انکوائری نمبر 61/2026 کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی۔ اس دوران 50 ہزار لٹر گنجائش کا ایک ٹینکر لاری برآمد کیا گیا، جس میں 49 ہزار 838 لیٹر پیٹرول (RON-92) موجود تھا۔ ٹینکر پٹرول کی چوری اور غیر قانونی منتقلی میں ملوث پایا گیا، جہاں سے پٹرول کو عارضی ڈرمز میں منتقل کر کے چھوٹی گاڑیوں کے ذریعے مختلف پٹرول پمپس تک پہنچایا جا رہا تھا۔

ڈرائیور کی نشاندہی پر ایف آئی اے نے مزید کارروائی کرتے ہوئے مغل فلنگ اسٹیشن پر بھی چھاپا مارا۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ مغل فلنگ اسٹیشن کا پٹرولیم لائسنس محکمہ ایکسپلوسوز سے تصدیق کے بعد جعلی قرار پایا، جس کے بعد اس نیٹ ورک کے خلاف قانونی کارروائی مزید تیز کر دی گئی۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق واقعے میں ملوث متعدد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ نامزد ملزمان میں محمد طارق، ریاض خان، عبدالحمید، لیاقت علی، دلنواز، عمر حیات، احمد خان، رفیق، رضا خان اور فہمید خان شامل ہیں۔ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اس کیس میں مزید تفتیش جاری ہے ۔ قومی وسائل کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ترجمان نے واضح کیا کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف شکنجہ مزید سخت کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں