تاجروں کا مشترکہ اتحاد، سپریم کونسل آف ٹریڈرز قائم

 تاجروں کا مشترکہ اتحاد، سپریم کونسل آف ٹریڈرز قائم

اداروں کی زیادتیوں کے خلاف مشترکہ احتجاج اور دباؤ کی حکمت عملی طےوقت ہمیں متحد ہوکر جائز حقوق کیلئے آواز اٹھانے کا تقاضا کررہا ہے ،عتیق میر

کراچی(بزنس رپورٹر)آل کراچی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کے چیئرمین عتیق میر کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد کیا گیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر ذمہ دار، غفلت برتنے اور زیادتی کے مرتکب اداروں کے خلاف سینئر اور تجربہ کار تاجر نمائندگان کا اتحاد، اتحادی مارکیٹوں میں مسائل کی صورت میں مشترکہ طور پر ایک دوسرے کی مدد کرینگے ، مسائل کے حل کیلئے اداروں سے رابطے ، مشاورت، دباؤ،احتجاج ہر طریقہ اختیار کریں گے ۔ اس موقع پر ہم خیال تاجر نمائندگان پر مشتمل سپریم کونسل آف ٹریڈرز کا قیام بھی عمل میں لایا گیا۔

اجلاس کے بعد عتیق میر نے کہا کہ شہر میں تاجروں کے علیحدہ علیحدہ اتحاد اور انفرادی احتجاج غیر مؤثر ثابت ہورہے ہیں،تاجروں کی مشکلات میں اضافہ اور ان کے مابین اتحاد کا فقدان ہے ، موجودہ صورتحال تاجروں کے جائز حقوق کے حصول میں بڑی رکاوٹ ہے ۔ ا نہوں نے کہا کہ ادارے من مانیاں کررہے ہیں اور تاجروں کی تقسیم کا فائدہ اٹھا کر ان پر ظلم و ستم کی بجلیاں گرارہے ہیں، وقت ہمیں متحد ہوکر اپنے جائز حقوق کیلئے بھرپور آواز اٹھانے کا تقاضا کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سپریم کونسل درحقیقت ایک پریشر گروپ ہے جس کا بنیادی مقصد زیادتی کے مرتکب اداروں کو لگام دینا اور ظلم و زیادتی سے روکنا ہے ،سپریم کونسل کی ابتدائی مرحلے کی آزمائش کے بعد اس میں توسیع کی جائیگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں