پاکستان عالمی سطح پر امن کا علمبردار ہے ،ثروت قادری

پاکستان عالمی سطح پر امن کا علمبردار ہے ،ثروت قادری

بھارتی میڈیا جنگی جنون کو ہوا دے کر عالمی امن کے لیے خطرہ بن چکا ہے بھارت کی جنگی ذہنیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا،چیئرمین سنی تحریک

کراچی (این این آئی) چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ پاکستان پوری دنیا کے سامنے ایک ذمہ دار، باوقار اور امن پسند ملک کے طور پر ابھرا ہے ،جس نے ہر موقع پر تحمل،بردباری اور سفارتی حکمت عملی کو ترجیح دے کر خطے میں قیام امن کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی یہ پالیسی نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہی ہے ،جبکہ اس کے برعکس بھارت مسلسل منفی ہتھکنڈوں اور جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے حقیقت کو مسخ کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔

بھارت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بطور ہتھیار استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف جھوٹ،افواہوں اور گمراہ کن مہمات چلا رہا ہے ۔یہ منظم پروپیگنڈا نہ صرف پاکستان کے خلاف نفرت کو ہوا دینے کی کوشش ہے بلکہ عالمی برادری کو بھی گمراہ کرنے کی ایک مذموم سازش ہے ۔بھارتی ریاستی ادارے اور ان کے زیر اثر عناصر سچ کو چھپانے اور جھوٹ کو فروغ دینے میں مصروف ہیں،جو خطے کے امن کے لیے انتہائی خطرناک ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی یہ جنگی ذہنیت اور میڈیا وار خطے کے امن کو تباہ کرنے کی سازش ہے ،جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے عالمی برادری،اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے اس اشتعال انگیز،غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک رویے کا فوری نوٹس لیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں