ریڈ لائن منصوبہ:یوٹیلیٹی لائنوں کی منتقلی تیز کرنے کا حکم

ریڈ  لائن  منصوبہ:یوٹیلیٹی  لائنوں  کی  منتقلی تیز  کرنے    کا  حکم

محکمے مل کر کام کررہے ہیں،موسمیات تا نیپا مکسڈ ٹریفک کے روڈ کی تکمیل سے نیپا سے حسن اسکوائر کی طرف ٹریفک کی روانی آسان ہو جائیگی،مراد علی شاہوزیر اعلیٰ کا ایک ہفتے کے دوران زیرِ تعمیر بی آر ٹی ریڈلائن منصوبے کا چوتھا دورہ ،ممتاز منزل کے پاس زیرتعمیر فلائی اوور کا کام شروع کرنے کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ نے ریڈ لائن منصوبے میں حائل گیس اور بجلی کی لائنوں کی منتقلی کے کام کو تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ تعمیراتی کام میں حائل تمام رکاوٹیں دور کرنے کے لیے تمام محکمے مل کر کام کر رہے ہیں، موسمیات تا نیپا تک مکسڈ ٹریفک کے روڈ کی تکمیل سے نیپا سے حسن اسکوئر کی طرف ٹریفک کی روانی آسان ہو جائیگی۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کا دورہ دیا۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ کا ایک ہفتے کے دوران زیرِ تعمیر منصوبے کا یہ چوتھا دورہ ہے ، وزیراعلیٰ سندھ نے داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی سے اپنے دورے کا آغاز کیا۔صوبائی وزیر سعید غنی، معاون خصوصی قاسم نوید اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، واٹر بورڈ کے ایم ڈی احمد صدیقی بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے اعلیٰ حکام اور دیگر افسران بھی سائٹ پر موجودتھے ۔

وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نمائش سے موسمیات تک مکسڈ ٹریفک لین (ایم ٹی ایل) سڑک پر اسفالٹ پیچ ورک مکمل کر لیا گیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے مکسڈ ٹریفک لین کے سب گریڈ اور ایگریگیٹ بیس کا کام تیز کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے سروس روڈ پر باکس ڈرین اور پائپ ڈرین کی تعمیراتی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔اردو یونیورسٹی تا حسن اسکوائر تک کے فور کی توسیع کے تحت پانی کے پائپ بچھانے کا کام تیزی سے جاری ہے ۔وزیراعلیٰ نے ممتاز منزل کے پاس زیرتعمیر فلائی اوور کے کام کو شروع کرنے کی ہدایت دی ۔وزیراعلیٰ سندھ نے نیپا سے سوک سینٹر تک ڈرین کی تعمیر کے کام کا بھی جائزہ لیا ۔وزیراعلیٰ نے یو ٹرن کے کام کو بھی شروع کرنے اورپرانی سبزی منڈی کے دونوں سائیڈ پر پانی کی لائنیں اور روڈ کی تعمیر مکمل کر کے بیریئر ہٹانے کی ہدایت کی ۔بریفنگ میں بتایاگیا کہ روٹ پر موجود 48 انچ قطر کی واٹر لائن کی منتقلی کا کام آخری مراحل میں داخل ہے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ نکاسی اور پانی لائنز کی منتقلی کا کام تیز کیا جائے ، دوسری شفٹ کے ذریعے رات کو بھی کام کیا جائے ۔مراد علی شاہ نے تمام متعلقہ محکموں کو 25 کلومیٹر طویل مکسڈ ٹریفک لین کے بقیہ کام کو شیڈول کے مطابق مکمل کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ میں خود ہر ہفتے منصوبے کا معائنہ کروں گا تاکہ کوئی بھی رکاوٹ کام نہ روک سکے ، میں اگلا دورہ کروں تو تمام ڈیڈ لائنز پر پیش رفت مکمل ہونی چاہیے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں