جامعہ کراچی ، اساتذہ کااحتجاج و بائیکاٹ جاری رکھنے کا فیصلہ
جنرل باڈی اجلاس میں قیادت پر عدم اعتماد، مذاکرات کے نتائج پربرہمتحریری یقین دہانی تک تدریسی عمل معطل رہے گا،انجمن اساتذہ کا مؤقف
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)جامعہ کراچی کے اساتذہ نے مطالبات کی منظوری تک احتجاج و بائیکاٹ جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی میں اساتذہ کے مطالبات اور جاری احتجاج کے حوالے سے انجمن اساتذہ کی جنرل باڈی کا ایک اہم اور ہنگامہ خیز اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں اساتذہ نے قیادت پر شدید برہمی اور عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مطالبات کی منظوری تک کلاسوں کا بائیکاٹ اور احتجاج کا سلسلہ ہر حال میں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اجلاس کے آغاز میں انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے رہنماؤں نے حاضرین کو انتظامیہ اور حکومت کے ساتھ ہونے والے حالیہ مذاکرات کی تفصیلی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ تاہم، مذاکرات کے بے نتیجہ رہنے یا واضح یقین دہانی نہ ملنے پر عام اساتذہ نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔جنرل باڈی اجلاس کے دوران اساتذہ کی بڑی تعداد نے موجودہ حالات میں انجمن اساتذہ کی حکمتِ عملی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور قیادت پر جزوی طور پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔اساتذہ کا مؤقف تھا کہ جب تک تمام مطالبات باقاعدہ اور تحریری طور پر منظور نہیں کر لیے جاتے ، تب تک احتجاج ختم نہ کیا جائے ۔اساتذہ کے بھرپور اصرار اور سخت مؤقف کے بعد انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے باقاعدہ طور پر اعلان کیا ہے کہ یونیورسٹی میں تدریسی عمل کا بائیکاٹ اور احتجاجی تحریک مطالبات کی منظوری تک بدستور جاری رہے گی۔اس فیصلے کے باعث جامعہ کراچی میں تعلیمی ڈیڈ لاک مزید طول پکڑ گیا ہے۔